ایشیاءکپ ، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے ہدف دیدیا

میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں بھارت کا مقابلہ کریگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 ستمبر 2018 20:25

ایشیاءکپ ، بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے ہدف دیدیا
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 ستمبر2018ء) ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 240رنز کا ہدف دیدیاہے ۔ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بنگال ٹائیگرز کی جانب سے لٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تاہم میچ کے تیسرے ہی اوور میں سومیا سرکار بغیر کوئی رنز بنائے جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے مومن الحق کو کلین بولڈ کیا۔

بنگلادیش کو تیسرا خسارہ لٹن داس کی صورت میں ہوا جنہیں جنید خان نے کلین بولڈ کیا اور وہ 6 رنز ہی بناسکے۔اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم اور محمد مٹھن نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

(جاری ہے)

بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ 156 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد مٹھن 60 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے، اس کے بعد امرالقیس بھی صرف 9 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

بنگلادیش کے چھٹے آو¿ٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے تو نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 99 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تاہم ان کی شاندار اننگز نے بنگلادیش کو مشکل سے نکال دیا۔ اس وقت بنگلادیش کا مجموعی سکور 197 تھا۔بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 221 کے مجموعی اسکور پر گری جب مہدی حسن مراز 12 رنز بناکر جنید خان کا شکار بن گئے، یہ جنید کی تیسری وکٹ تھی۔

جنید خان نے اپنی چوتھی وکٹ بنگلادیشی کھلاڑی محمود اللہ کو بولڈ مار کر حاصل کی۔ محمود اللہ 25 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔بنگلادیش کی نویں وکٹ 239 کے مجموعی سکور پر گری جب روبیل حسین ایک رن بناکر رن آو¿ٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد مشرفی مرتضیٰ بھی 13 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں پہلی بار مدمقابل ہیں اور آج کا میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، فاتح ٹیم 28 ستمبر کو بھارت کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔بنگلا دیش کےخلاف قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد عامر کی جگہ جنید خان کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے اور وہ آج ایونٹ کا اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، حسن علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شنواری اور جنید خان پر مشتمل ہے۔

بنگلادیش ٹیم میں لیٹن داس، سومیا سرکار، محمد متھن، مشفق الرحیم، مومن الحق، امرالقیس، محمد اللہ، کپتان مشرفی مرتضیٰ، مہیدا حسن، روبیل حسین اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے دبئی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے پریکٹس کے دوران کھلاڑیوں اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ الگ الگ سیشن میں بات چیت کی۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اس سے قبل دو بار آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں میچز میں بھارت فاتح رہا، اس بات کا امکان ہے کہ دونوں ٹیمیں فائنل میں ایک بار پھر مدمقابل ہوں گی تاہم اس کے لیے گرین شرٹس کو آخری میچ میں بنگال ٹائیگرز کی رکاوٹ عبور کرنا ہو گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 35 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوئے جن میں پاکستان نے 31 اور بنگلہ دیش نے 4 میچز جیتے ہیں۔
وقت اشاعت : 26/09/2018 - 20:25:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :