ایشیاء کپ کے دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگیا

پاکستان کو ابوظہبی میں شکست، بنگلہ دیش 28ستمبر کو فائنل میں بھارت کا مقابلہ کریگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 ستمبر 2018 00:40

ایشیاء کپ کے دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگیا
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 ستمبر2018ء) ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 37رنز سے شکست دیکر فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا ۔ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بنگال ٹائیگرز کی جانب سے لٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تاہم میچ کے تیسرے ہی اوور میں سومیا سرکار بغیر کوئی رنز بنائے جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے، اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے مومن الحق کو کلین بولڈ کیا۔

بنگلادیش کو تیسرا خسارہ لٹن داس کی صورت میں ہوا جنہیں جنید خان نے کلین بولڈ کیا اور وہ 6 رنز ہی بناسکے۔اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم اور محمد مٹھن نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

(جاری ہے)

بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ 156 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد مٹھن 60 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے، اس کے بعد امرالقیس بھی صرف 9 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

بنگلادیش کے چھٹے آوٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے تو نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 99 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تاہم ان کی شاندار اننگز نے بنگلادیش کو مشکل سے نکال دیا۔ اس وقت بنگلادیش کا مجموعی سکور 197 تھا۔بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 221 کے مجموعی اسکور پر گری جب مہدی حسن مراز 12 رنز بناکر جنید خان کا شکار بن گئے، یہ جنید کی تیسری وکٹ تھی۔

جنید خان نے اپنی چوتھی وکٹ بنگلادیشی کھلاڑی محمود اللہ کو بولڈ مار کر حاصل کی۔ محمود اللہ 25 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔بنگلادیش کی نویں وکٹ 239 کے مجموعی سکور پر گری جب روبیل حسین ایک رن بناکر رن آو¿ٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد مشرفی مرتضیٰ بھی 13 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بناکر مہدی حسن مراز کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور ایک رن بناکر مستفیض الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔پاکستان کے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جو ایشیا کپ میں مسلسل ناکام ہوتے آرہے ہیں۔

مشکل وقت میں جب ٹیم کو ان کی ضرورت تھی تو وہ حسب معمول غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 85 کے مجموعی سکور پر گری جب آخری امید شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے۔گرین شرٹس کو پانچواں نقصان 94 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب شاداب خان 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔بنگلادیش کےخلاف پاکستان کی چھٹی وکٹ 165 رنز پر گری جب آصف علی 31 رنز بناکر مہدی حسن کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 167 کے مجموعی سکور پر امام الحق 83 رنز بناکر محمود اللہ کی گیند پر آ ﺅٹ ہوگئے۔حسن علی کو مستفیض الرحمان نے آﺅٹ کیا ،پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 202رنز بنا سکی ۔ فاتح ٹیم 28 ستمبر کو بھارت کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔بنگلا دیش کےخلاف قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، محمد عامر کی جگہ جنید خان کو گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے اور وہ آج ایونٹ کا اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔

پاکستان ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، کپتان سرفراز احمد، آصف علی، حسن علی، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شنواری اور جنید خان پر مشتمل ہے۔بنگلادیش ٹیم میں لیٹن داس، سومیا سرکار، محمد متھن، مشفق الرحیم، مومن الحق، امرالقیس، محمد اللہ، کپتان مشرفی مرتضیٰ، مہیدا حسن، روبیل حسین اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

وقت اشاعت : 27/09/2018 - 00:40:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :