بھارت ایک بار پھر ایشیا کپ لے اڑا

بھارت نے بنگلہ دیش کو حتمی معرکے میں شکست دے دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 29 ستمبر 2018 00:29

بھارت ایک بار پھر ایشیا کپ لے اڑا
دبئی(اردوپوائنٹ تازہ ترین خبر-28ستمبر 2018ء) :بھارت ساتویں بار پھر ایشیا کپ کا ٹائٹل لے اڑا۔ دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت نے بنگلہ دیش کو حتمی معرکے میں شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا حتمی مقابلہ آج متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلا گیا ۔اس میچ میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے تھا۔بھارت اس ٹورنامنٹ میں اپنے تمام میچز جیت چکا تھا ،صرف ایک ہی میچ میں اسے افغانستان کے مقابلے میں فتح نہیں مل سکی تھی اور میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

اس باعث بھارتی کرکٹ ٹیم کا مورال کافی بلند تھا اور وہ بااعتماد نظر آرہے تھے۔آج میچ کا ٹاس بھارت نے جیتا اور اس کے بعد پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیشی بلے باز ابتدا ہی سے بھارت کے سامنے ٹک نہ سکے اور ایک ایک کر کے پویلین لوٹنے لگے۔

(جاری ہے)

تاہم لتن داس کی دھواں دار اننگز نے ٹیم کو سہارا دیا اور بنگلہ دیش کی ٹیم لتن داس کے 122 رنز کی بدولت 222رنز جوڑنے میں کامیاب رہی جبکہ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے 10 اوورز میں 45 رنز دے کر 3 وکٹیں سمیٹیں۔

بھارتی بلے باز بھی ہدف کو پانے کے لیے میدان میں اترے تو خاطر خواہ کھیل پیش نہ کرسکے تاہم بھارتی بلے بازوں کی ثابت قدمی نے آہستہ آہستہ اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لے جانا شروع کردیا ۔روہت شرما کے 48 رنز نے ٹیم کو سہارا دیا تو دنیش کارتک کے 37 اور مہندرا سنگھ دھونی کے 36 رنز نے ٹیم کو فتح سے قریب تر کر دیا۔ایک مرحلے پر میچ دلچسپ موڑ پر آیا تاہم بھارت آخری گیند پر فاتحانہ رن بنا پایا اور فتح بھارت کے نام رہی اور یوں بھارت ساتویں بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش اس سے قبل بھی تین مرتبہ فائنل میں جا کر شکست کا سامنا کرچکا ہے۔2012 میں اسے پاکستان، 2016 میں بھارت اور 2018 میں ایک بار بھر بھارت سے شکست اٹھانا پڑی ہے۔
وقت اشاعت : 29/09/2018 - 00:29:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :