پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال نے پہلی ایشین ٹور 10 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلال نے فیصلہ کن معرکے میں آئرش کیوئسٹ کو 6-1 فریمز سے شکست فاش سے دوچار کیا

ہفتہ 29 ستمبر 2018 22:47

پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال نے پہلی ایشین ٹور 10 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلال نے فیصلہ کن معرکے میں آئرش کیوئسٹ کو 6-1 فریمز سے شکست فاش سے دوچار کیا
دوحہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2018ء) سٹار پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال نے پہلی ایشین ٹور 10 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلال نے فیصلہ کن معرکے میں حریف آئرش کیوئسٹ برینڈن او ڈونوگیو کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بیسٹ آف 11 فریمز میں 6-1 سے شکست دی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو قطر میں منعقدہ پہلی ایشین ٹور 10 ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرش کیوئسٹ برینڈن کو بیسٹ آف الیون فریمز میں با آسانی ایک کے مقابلے میں 6 فریمز سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، بلال نے پہلے فریم میں آئرش کیوئسٹ کو 49-42 سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن برینڈن نے دوسرا فریم 48-36 سے جیت کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، اس کے بعد بلال مکمل طور پر چھائے رہے اور انہوں نے مسلسل پانچ فریمز 47-1، 67-1، 54-23، 55-0 اور 59-0 سے جیت کر میچ میں 6-1 فریمز سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

دریں اثناء کھیلے گئے سیمی فائنلز میں بلال نے ہانگ کانگ کے کیوئسٹ چیونگ کا وائی کو 5-4 فریمز سے شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 29/09/2018 - 22:47:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :