بہتر فرسٹ کلاس اوسط،فواد عالم نے ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

32سالہ بلے باز اب تک 11ہزار سے زیادہ فرسٹ کلاس رنز بنا چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 اکتوبر 2018 16:00

بہتر فرسٹ کلاس اوسط،فواد عالم نے ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر 2018ء) ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں ۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جب کہ2010ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔

32 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرکے انگلینڈ روانہ کردیا ۔ فواد عالم نے ابھی تک سلیکشن کمیٹی کے اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اور قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راﺅنڈ میں انہوں نے سوئی سدرن گیس کی نمائندگی کرتے ہوئے نیشنل بینک کی ٹیم کے خلاف 153رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی اننگز سے جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

فواد عالم اب تک149فرسٹ کلاس میچز میں 55.77کی اوسط سے 11044رنز سکور کرچکے ہیں جن میں29سنچریاں اور57نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس وقت بھی کرکٹ کھیلنے والے پلیئرزکی فہرست میں بہترین اوسط کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر موجود ہیں ، حال ہی میںدورہ انگلینڈ کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے بھارتی بلے باز ہنومن وہاری 59.06کی اوسط سے ساتھ پہلے اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 57.37کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پرموجود ہیں ،فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط بھارتی کپتان ویرات کوہلی (54.16) سے بھی زیادہ ہے ۔

2009 ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 02/10/2018 - 16:00:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :