جوبلی لائف انشورنس پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز اسپانسر کرے گا

جمعہ 5 اکتوبر 2018 19:05

جوبلی لائف انشورنس پاکستان آسٹریلیا کرکٹ سیریز اسپانسر کرے گا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) پاکستان کی سب سے بڑی لائف انشورنس فراہم کرنے والی کمپنی جوبلی لائف انشورنس نے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لئے پریزینٹنگ اسپانسر بننے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ دنیا بھر کے شائقین اس دلچسپ دورے کے دوران دو بڑی کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی سے محظوظ ہوں گے۔

اس دورے میں دو ٹیسٹ اور تین ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 7 اکتوبر بروز اتوار دبئی میں واقع دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ جوبلی لائف انشورنس کے چیف منیجر مارکیٹنگ عثمان قیصر نے کہا، "جوبلی لائف انشورنس ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کرنے کے ساتھ ملک میں کھیلوں کیلئے سہولت فراہم کرنے والے بڑے اداروں میں شامل رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں رواں سال PSL3، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز میں تعاون کرنے کے ساتھ ملک کے اندر کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ جوبلی لائف انشورنس نے اس دورے کے لئے بھی تعاون فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور پرجوش شائقین اور پرستاروں کے لئے کرکٹ کی بحالی کا کام کیا ہے۔" پاکستان کرکٹ بورڈ کے کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا، "پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے عزم کے ساتھ جوبلی لائف کی یہاں ایک بار پھر موجودگی ہمارے لئے اعزاز ہے۔

یہ کمپنی پاکستانی قوم میں مسلسل کرکٹ کے فروغ کے لئے اہم ستون بن چکی ہے۔ ہماری سوچ ہے کہ ہم ملک میں کرکٹ کی بحالی کے لئے درست سمت میں کام کریں اور جوبلی لائف انشورنس جیسے اداروں کے تعاون سے ہمیں اپنے اہداف کے حصول میں لازمی مدد ملے گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ دورہ کامیاب رہے گا اور پاکستانی ٹیم فاتح بن کر لوٹے گی۔ "ملک میں جوبلی لائف انشورنس کا نام کھیلوں کا حصہ بن چکا ہے اور برانڈ اپنے پیغام 'آزادی سے رہیں' کو برقرار رکھتا ہے۔

کمپنی PSL3 کی گولڈ اسپانسر تھی۔ جوبلی لائف انشورنس پاکستان سپر لیگ (PSL) کے پچھلے سیزن کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈیئٹر کے لیڈ اسپانسر کے ساتھ پاکستان بمقابلہ سری لنکا کرکٹ سیریز کا بھی گولڈ اسپانسر تھا۔ کرکٹ کے علاوہ جوبلی لائف پاکستان میں اسنوکر، پولو، ہاکی اور گالف سمیت مختلف کھیلوں میں تعاون فراہم کرچکا ہے۔ جوبلی لائف بنک ا شورنس ڈسٹری بیوشن متعارف کرانے والا ادارہ ہے اور یہ پاکستان کے نجی شعبے کی انشورنس زندگی کمپنیوں میں سب سے آگے ہے۔

گزشتہ 5 سالوں میں 38 فیصد کی اوسط ترقی کے ساتھ جوبلی لائف انتہائی منافع بخش اور اسٹاک ایکسچینج میں قابل ذکر لائف انشورنس کمپنی ہے۔ جوبلی انشورنس آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (AKFED)کا ایک عالمی برانڈ ہے جو ایشیا اور مشرقی افریقہ کی مارکیٹوں میں مختلف انشورنس پالیسیاں برائے زندگی ، صحت اور جنرل بھی پیش کرتا ہے۔ یہ پاکستان میں انشورنس کے شعبہ میں بہترین سروس کے ویژن کیلئے پرعزم ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اولین 25 کمپنیوں میں شامل ہے۔ اس اہم فہرست میں شامل ہونے والی یہ واحد انشورنس کمپنی ہے۔
وقت اشاعت : 05/10/2018 - 19:05:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :