پاکستانی سپنر عبدالرحمان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:36

پاکستانی سپنر عبدالرحمان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) پاکستانی سپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ عبدالرحمان نے 2006ء میں ون ڈے جبکہ 2007ء میں ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے آخری بار 2014ء میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی، انہوں نے 22 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں لے رکھی تھیں، 2011-12ء میں لیفٹ آرم سپنر کیریئر کی بلندی پر تھے اور انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو 3-0 سے کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، انہوں نے سیریز میں 19 وکٹیں لی تھیں۔

38 سالہ عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے بہت مشکل فیصلہ تھا اور بہت حوصلے کے ساتھ انہوں نے انتہائی قدم اٹھایا، جب تک فٹ ہوں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کے ساتھ پارٹنرشپ بہت شاندار تھی اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کو کبھی فراموش نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کیریئر میں 100 وکٹیں مکمل نہ کرنے پر مایوسی ہو رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ مجھے اس بات کی خوشی بھی ہے کہ مجھے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ملک کی نمائندگی کا موقع ملا اور اس سے بڑھ کر میرے لئے کچھ نہیں، جب تک فٹ ہوں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا۔
وقت اشاعت : 10/10/2018 - 17:36:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :