دوسرے ٹیسٹ میں اہم ترین ہتھیار کون ہوگا؟سرفراز احمدنے بتا دیا

پاکستان کیلئے اہم ترین باﺅلر کو بھرپور حمایت کی ضرورت ہے :قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 13 اکتوبر 2018 12:24

دوسرے ٹیسٹ میں اہم ترین ہتھیار کون ہوگا؟سرفراز احمدنے بتا دیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر 2018ء) آسٹریلیا کیخلاف دبئی ٹیسٹ کی مایوسی کا مداوا کرنے کیلئے قومی کپتان سرفراز احمد کو یاسر شاہ کی جانب سے پلٹ کر وار کرنے کی امید ہو گئی ہے ، کہا کہ لیگ سپنر کم و بیش ایک سال کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیل رہے تھے ،اگرچہ ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے اچھی باﺅلنگ کی لیکن طویل فارمیٹ کی کرکٹ کا اپنا ایک دباﺅ ہوتا ہے ،پاکستان کیلئے اہم ترین باﺅلر کو بھرپور حمایت کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف دبئی ٹیسٹ میں ممکنہ فتح سے محروم پاکستانی ٹیم کے قائد سرفراز احمد ایک بار پھر خطرات کا شکار ہو گئے ہیں اور انکی قائدانہ صلاحیتوں پر بھی انگلیاں اٹھنے لگی ہیں کیونکہ ماضی قریب میں سری لنکا کیخلاف امارات میں سیریز کی شکست کے بعد پاکستان کو ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ گنوانا پڑا اور اب 20سال کے بعد آسٹریلیا کیخلاف ڈرا میچ کا نتیجہ سامنے آگیا لیکن دبئی ٹیسٹ کی مایوسی کا مداوا کرنے کیلئے سرفراز احمد نے لیگ سپنر یاسرشاہ کی جانب سے پلٹ کر وار کرنےکی امید لگا لی ہے جن کا کہنا تھا کہ دبئی میں بلا نتیجہ میچ کے بعد لیگ اسپنر زیادہ قاتلانہ انداز سے سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یاسر شاہ کولہے کی انجری سے نجات کے بعد ایک سالہ عرصے میں پہلی مرتبہ طویل فارمیٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے تاہم ان سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہو سکیں کیونکہ 32 سالہ لیگ سپنر کو دبئی ٹیسٹ کے ابتدائی چار روز کے دوران ایک بھی وکٹ نہیں مل سکی لیکن پانچویں روز انہوں نے 4وکٹیں حاصل کیں تو اسوقت تک کھیل ہاتھوں سے نکل چکا تھا۔

سرفراز احمد کو قوی امید ہے کہ جس انداز سے دبئی ٹیسٹ کے آخری روز یاسر شاہ نے کم بیک کیا اسکی بنیاد پر توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ ابوظہبی ٹیسٹ میں بہترین باﺅلنگ کا مظاہرہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر ایک سالہ عرصے کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیل رہے تھے اور اگرچہ انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی لیکن ٹیسٹ میچوں میں بہت زیادہ پریشر ہوتا ہے ،یہ ان کا پہلا ٹیسٹ تھا لہٰذا امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں پلٹ کر وار کرتے ہوئے زیادہ بہتر کھیل پیش کریں گے، یاسر شاہ کو پاکستان کے اہم ترین باﺅلر ہونے کی حیثیت سے حمایت کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ماضی میں پاکستان کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 13/10/2018 - 12:24:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :