قائد اعظم ٹرافی ، مصباح الحق کی ٹیم محض35رنز پر ڈھیر

آل راﺅنڈر بلاول بھٹی 15رنز کے ساتھ نمایاں ترین بلے باز رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 13 اکتوبر 2018 14:49

قائد اعظم ٹرافی ، مصباح الحق کی ٹیم محض35رنز پر ڈھیر
فیصل آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اکتوبر 2018ء) اس بات سے سب بخوبی طور پر آگاہ ہیں کہ پاکستان میں ڈومیسٹک پچز اس لیول کی نہیں ہیں جو کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کے فرسٹ کلاس سٹرکچر میں دیکھنے کو ملتی ہیں تاہم جمعے کو اقبال سٹیڈ یم ،فیصل آباد میں جو مناظر دیکھنے کو ملے وہ قائد اعظم ٹرافی کی پچز پر ہونے والی تنقید پر مزید آگ بھڑکانے کے مترادف تھے ۔

قائد اعظم ٹرافی کے پچھلے 6میں سے 5ٹائٹلز اپنے نام کرنے والی سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل ) کی ٹیم حبیب بینک کے خلاف محض35رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،یہ وہ ٹیم تھی جو پول اے میں 4فتوحات اور ایک ڈرا میچ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے اور اسے39پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں دوسرے نمبر پر موجودپشاور کی ٹیم پر15پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے،یہ وہ ٹیم ہے جس کی کپتان مصباح الحق کے پاس ہے اور توفیق عمر، عدنان اکمل اور بلاول بھٹی بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں ،سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل ) کے لیے آل راﺅنڈر بلاول بھٹی 15رنز کے ساتھ نمایاں ترین بلے باز رہے ،سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈکے کسی اور بلے باز سے زیادہ 35گیندیں کھیلنے والے علی وقاص محض9رنز بنا سکے جب کہ کوئی اور بلے باز4رنز سے آگے نہیں بڑھ سکا،یہ اس ٹیم کے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے ایک میچ کا سکور کارڈ تھا جو محض2سال پہلے ہی دنیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم بنی تھی ۔

(جاری ہے)

اسی د ن اسلام آباد میں فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں تیسرے بہترین سکورررہنے والے محمد سعد کو ہیلمٹ پر گیند مارا تھا جو آگے گرا تھا ۔ قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں بھی 25مرتبہ ٹیمیں 100سے کم کے مجموعی سکور پر آل آﺅٹ ہوئی تھیں اور اس سا ل بھی اب تک 9مرتبہ ٹیمیں100سے کم کے مجموعے پر پوویلین لوٹ چکی ہیں اور ایسے 4مجموعے گزشتہ دو راﺅنڈز کے دوران دیکھنے کو ملے ہیں ،قائد اعظم ٹرافی کے گزشتہ سیزن میں صرف ایک مرتبہ کوئی ٹیم50رنز سے کم کے مجموعے پر پوویلین لوٹی تھی جو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کی ٹیم تھی جسے خان ریسرچ لیبارٹریز(کے آر ایل ) نے44رنز پر ڈھیر کیا تھا۔
وقت اشاعت : 13/10/2018 - 14:49:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :