آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز، قومی ٹیم کا اعلان ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران متوقع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اکتوبر 2018 13:36

آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز، قومی ٹیم کا اعلان ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران متوقع
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر 2018ء) آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران متوقع ہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل جہاں کمزوریاں ہیں ان شعبوں میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے ،پرفارمنس دینے والا یقینی طور پر قابل غور سمجھا جائیگا، کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین کارکردگی اور سخت محنت کے بعد دبئی ٹیسٹ ڈرا نہیں ہونا چاہئے تھا لیکن آسٹریلین ٹیم اچھا کھیل گئی۔

لاہور میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے دوران انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کی تشکیل کی غرض سے ان کی قومی کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کافی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور وہ سکواڈ کا اعلان آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران کردیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے ٹیم کی تشکیل کرتے ہوئے آئندہ برس ہونے والے عالمی کپ کو نگاہ میں رکھا ہوا ہے اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل انہیں جہاں جہاں بھی خامیاں اور کمزوریاں محسوس ہوں ان کو دور کیا جائے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جو بھی کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے اسے لازمی طور پر قابل غور سمجھا جائے گا۔ چیف سلیکٹر نے امام الحق کی انجری سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اس وقت اچھی فارم میں تھا لیکن افسوس ہے کہ اسے فٹنس کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا البتہ انجریز بھی کھیل کا حصہ ہیں لہٰذا امید ہے کہ وہ جلد ہی فٹ ہو کر دوبارہ کھیلنا شروع کردے گا۔

پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی پر ہونے والی حالیہ تنقید پر ان کا کہنا تھا کہ جب ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو سب تعریف کرتے ہیں اور ایشیا کپ کے دوران جس طرح کی کارکردگی پیش کی گئی اس پر تنقید بھی ہونا ہی تھی۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں حفیظ اور حارث سہیل نے اچھی بیٹنگ کی، یاسر شاہ نے زیادہ وکٹیں نہیں لیں ان سے زیادہ اچھی باﺅلنگ کی توقع تھی وہ ان وکٹوں پر ہمارے اہم باﺅلر ہیں، یقین ہے اگلے ٹیسٹ میں یاسر شاہ کی کارکردگی میں نکھار آئے گا۔فاسٹ باﺅلر محمد عباس کی تعریف کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ محمد عباس نے دونوں اننگز میں اہم وکٹیں حاصل کیں، ابھی وہ ٹیسٹ میچز میں زبردست پرفارم کررہے ہیں، کاونٹی میں بھی عباس نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔
وقت اشاعت : 15/10/2018 - 13:36:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :