یوتھ اولمپکس؛ پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی حریف کو شکست دے دی

پیر 15 اکتوبر 2018 15:42

بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس میں امریکی ریسلر کو دھول چٹاکر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں جاری یوتھ اولمپکس میں پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے عنایت اللہ نے 65 کلو گرام کی کیٹگری میں یہ کامیابی حاصل کی۔

عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس کے ریسلنگ ایونٹ میں نیوزی لینڈ کے ریسلر کو 13-2 پوائنٹس سے شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ جہاں ان کا سامنا ورلڈ چمپئن آذربائیجان کے ریسلر سے ہوا جس میں وہ 8 پوائنٹس سے ہار گئے۔برانز میڈل میں انہوں نے امریکی ریسلر کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6-2 سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ کے والد زاہد خان بھی دس سال تک چمپئن رہے ہیں اور بھائی نعمت اللہ بھی ریسلنگ میں ملکی سطح کے مقابلوں میں اچھے نتائج دے رہے ہیں۔

عنایت اللہ نے اس میڈل کو ان تمام نوجوان ریسلرز کے نام کیا ہے جو اس کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ عنایت اللہ اس سے قبل ورلڈ بیچ جونیئر مقابلوں میں گولڈ اور 2016 میں بنکاک میں ایشین جونیئر ریسلنگ چمپئن شپ میں سلور میڈل جیت چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 15/10/2018 - 15:42:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :