این بی پی کرکٹ اکیڈمی نے یو بی ایل کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

پیر 15 اکتوبر 2018 23:19

این بی پی کرکٹ اکیڈمی نے یو بی ایل کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے گروپ ہیڈ شوکت محمود خٹک نے این بی پی انٹر اکیڈمی انڈر- 17 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے انچارج اقبال قاسم، اقبال واحد، سید خرم حسین، طارق بن حنیف، انور فاروقی، سعید آزاد، عظمت اللہ خان، شاہد نواب، ندیم خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

دونوں ٹیموں سے شوکت محمود خٹک سے دونوں ٹیموں کا تعارف بھی کرایا گیا۔ شوکت محمود خٹک نے کہا کہ نیشنل بینک کے صدر کا یہ وژن ہے کہ کھیلوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے، اس ٹورنامنٹ کو کرانے کا مقصد پاکستان میں کرکٹ کے معیار کو بلند کرنا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں۔ اقبال قاسم نے کہا کہ ٹورنامنٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹورنامنٹ میں 10 اکیڈمیز شرکت کررہی ہیں، ٹورنامنٹ لیگ میچز کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، ونر ٹیم کو 75 ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کو 50 ہزار روپے کیش اور ٹرافیز دی جائیں گی۔ دریں اثناء نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کرکٹ گراونڈ پر افتتاحی میچ میں این بی پی کرکٹ اکیڈمی نے یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یو بی ایل نے مقررہ 25 اورز میں 10 کھلاڑیوں کے نقصان پر 125 رنز اسکور کیا۔

عبداللہ فضل نے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 61 رنز اور عدیل میو نے 24 رنز اسکور کئے جبکہ رائٹ آرم لیگ اسپنر محمد عزیر نی21 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں این بی پی اکیڈمی نے 23.4 اورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ مزمل خان نے 3 چھکوں اور 4 چوکو ں کی مدد سے 49 رنز اسکور کئے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ سیف یامین نے 26 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ریفری علیم خان موسی، امپائز نذیر بٹ، محمد یونس جبکہ سید تیمور عالم نے اسکورر کے فرائض انجام دیئے۔
وقت اشاعت : 15/10/2018 - 23:19:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :