جنسی ہراسانی کا الزام، بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو راہول جوہری آئی سی سی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے

پیر 15 اکتوبر 2018 23:40

جنسی ہراسانی کا الزام، بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو راہول جوہری آئی سی سی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہول جوہری جنسی ہراسانی الزام کے باعث سنگاپور میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کی جگہ بورڈ کے قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چوہدری اجلاس میں بھارت کی نمائندگی کریں گے، آئی سی سی اجلاس (آج) منگل سے شروع ہو گا۔

بی سی سی آئی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق راہول جوہری پر جنسی ہراسانی کا الزام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک گم نام صارف کے جانب سے لگایا گیا ہے، راہول نے الزام کے حوالے سے وضاحت دینے کیلئے وقت مانگا تھا لیکن انڈین کرکٹ بورڈ منتظمین کی کمیٹی نے ان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کے اندر وضاحت جمع کروانے کیلئے کہا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ سمیت کئی میڈیا رپورٹس مو صول ہو ئی تھیں، نامعلوم صارف کی جانب سے لگائے گئے الزام میں ان کی پچھلی ملازمت کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ کمیٹی نے مزید بتایا کہ راہول جوہری پر لگنے والے الزامات کا تعلق ان کے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدے سے نہیں ہے پھر بھی ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ راہول جوہری 2016ء سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔
وقت اشاعت : 15/10/2018 - 23:40:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :