پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین کے مسائل حل کروانے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھوں گا، غلام تقی خان بوسن

منگل 16 اکتوبر 2018 12:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین کے صدر غلام تقی خان بوسن نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین کے مسائل حل کروانے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ یہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔ گذشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ادارے کے حالات کسی صورت خراب نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین کے کافی عرصہ سے زیر التواء مسائل حل نہیں ہوئے جس کی سب سے بڑی وجہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کا مستقل بنیادوں پر نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی مستقل بنیادوں پر تقرری جائے تاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ملازمین کے کافی عرصہ سے زیر التواء مسائل حل ہوسکیں اور ادارے کے ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

غلام تقی خان نے بتایاکہ پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین نے انتظامیہ کو پانچواں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا ہے اور یونین کی خواہش ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے تاکہ یونین کے عہدیداروں کے ساتھ مل بیٹھ کر ملازمین کے مسائل افہام و تفہیم سے حل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین نے مذاکرات کیلئے بھی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین مذاکرات کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور مذاکرات کیلئے یونین کے ہروقت دروازے کھلے ہیں۔
وقت اشاعت : 16/10/2018 - 12:47:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :