پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز پر آئوٹ، 57 رنز پر ابتدائی 5 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور سرفراز نے مشکل وقت میں چھٹی وکٹ میں 147 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا،

دونوں بلے باز 94، 94 رنز بنا کر آئوٹ، نیتھن لیون کی 4 اور لبوشگنے کی 3 وکٹیں، آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات کا شکار، 20 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، عباس کی 2 وکٹیں

منگل 16 اکتوبر 2018 20:06

پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز پر آئوٹ، 57 رنز پر ابتدائی 5 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور سرفراز نے مشکل وقت میں چھٹی وکٹ میں 147 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا،
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، 57 کے سکور پر ابتدائی 5 وکٹیں کھونے کے بعد فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کینگروز بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 147 قیمتی رنز بنا کر نہ صرف ٹیم کو سہارا دیا بلکہ اسے مکمل تباہی سے بھی بچا لیا، دونوں کھلاڑی 94، 94 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نیتھن لیون نے 4 اور لبوشگنے نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، مہمان ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں پر 20 رنز بنا لئے ہیں اور اسے گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 262 رنز درکار ہیں، ایرون فنچ 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد عباس نے 2 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

منگل کو ابوظہبی میں شروع ہونے والے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی ٹیم کی کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 5 کے سکور پر اسے محمد حفیظ کا نقصان اٹھانا پڑا جو 4 رنز بنانے کے بعد سٹارک کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد فخر نے اظہر علی کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 57 کے سکور پر نیتھن لیون نے اپنے دو اوورز میں 6 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے پاکستانی ٹیم پر دبائو بڑھا دیا، اظہر علی 15، حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان سرفراز احمد نے فخر زمان کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں 147 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور سکور 204 تک پہنچا دیا، 204 کے سکور پر فخر زمان جو کہ ڈیبیو سنچری سے صرف 6 رنز کی دوری پر تھے کہ 94 کے انفرادی سکور پر لبوشگنے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، بلال آصف 12 رنز بنا کر چلتے بنے، 247 کے سکور پر کپتان سرفراز احمد جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے غیرذمہ دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے لبوشگنے کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، انہوں نے 94 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 282 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، یاسرشاہ 28 اور محمد عباس 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نیتھن لیون نے 4، لبوشگنے نے 3، سٹارک نے 2 اور مچل مارش نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں پر 20 رنز بنا لئے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 262 رنز درکار ہیں، عثمان خواجہ 3 اور نائٹ واچ مین پیٹرسڈل 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ایرون فنچ 13 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں، عباس نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
وقت اشاعت : 16/10/2018 - 20:06:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :