پی سی بی چیئر مین کااپنے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر کا نیا عہدہ متعارف کرانے کا فیصلہ

احسان مانی نے بورڈ آف گور نرز کو خط لکھ دیا ،ْ ایم ڈی کی تقرری کیلئے بی او جی اراکین سے رسمی منظوری مانگی گئی

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:44

پی سی بی چیئر مین کااپنے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر کا نیا عہدہ متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر کا نیا عہدہ متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔پی سی بی کے حد درجہ مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی کہ چیف آپریٹنگ آفیسر کی موجودگی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے 12 اکتوبر کو بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں ایم ڈی کی تقرری کیلئے بی او جی اراکین سے رسمی منظوری مانگی گئی ہے۔پی سی بی اگر اس نئی تقرری کا فیصلہ کرلیتی ہے تو یہ تقرری بورڈ کے آئین کے منافی ہوگی کیوں کہ بورڈ کے موجودہ آئین میں بورڈ آف گورنرز کے پاس چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر اور الیکشن کمیشن کی تقرری کا اختیار ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نئے ایم ڈی کیلئے عارف عباسی، سلیم الطاف، زاہد نورانی کے ناموں پر غور ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق احسان مانی کو بورڈ آف گورنرز سے منظوری ملنے کے بعد ایم ڈی کے نام کا اعلان کردیا جائیگا تاہم اس سلسلے میں بورڈ کو آئین میں بھی ترمیم کرنا پڑے گی۔ترمیم کے بغیر اس تقرری کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ایم ڈی کو چیئرمین کے زیادہ تر اختیارات منتقل کردیئے جائیں گے جبکہ چیئرمین کا عہدہ صرف پالیسی بنانے والے کا ہوگا اور اس پالیسی پر عمل درآمد ایم ڈی اور چیف آپریٹنگ آفیسر کرائیں گے۔
وقت اشاعت : 17/10/2018 - 14:44:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :