عباس کی تباہ کن بائولنگ، پاکستان کی ابوظہبی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر،

فنچ 39 رنز بنا کر نمایاں، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام، عباس کی 5، بلال کی 3 وکٹیں، پاکستان نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا کر مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل کر لی، فخر زمان 66 رنز بنا کر نمایاں، اظہرعلی 54 اور حارث 17 رنز بنا کر ناقابل شکست

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:05

عباس کی تباہ کن بائولنگ، پاکستان کی ابوظہبی ٹیسٹ پر گرفت مضبوط، آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر،
․ابوظہبی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) محمد عباس کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، آسٹریلوی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز 282 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 145 رنز پر ڈھیر ہو گئی، عباس اور بلال آصف کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے کینگروز بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، ایرون فنچ 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، عباس نے کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، بلال نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ لی، جواب میں پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا کر مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، فخر زمان اور اظہر علی نے نصف سنچریاں سکور بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، فخر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم نے 20 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو فنچ 13 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے چوتھے ہی اوور میں محمد عباس نے شان مارش کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم پر دبائو بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، مارش 3 رنز بنا کر چلتے بنے، ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنانے کے بعد عباس کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، مچل مارش بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنانے کے بعد یاسرشاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، 85 کے سکور پر کینگروز کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب فنچ 39 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، کپتان ٹم پین کو بھی بلال نے سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور 3 رنز پر چلتا کیا، لبوشگنے 25 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہوئے، نیتھن لیون 2 رنز بنا سکے، 145 کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب سٹارک 34 رنز بنانے کے بعد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسطرح پاکستان کو 137 رنز کی برتری مل گئی، عباس نے 5، بلال نے 3 اور یاسر نے ایک وکٹ لی۔

جواب میں پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 144 رنز بنا کر مجموعی طور پر 281 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، 15 کے سکور پر پاکستان کو محمد حفیظ کا نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 6 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر فخر زمان نے اظہرعلی کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ میں 91 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 106 تک پہنچا دیا، فخر نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی دلیرانہ بیٹنگ کی اور 66 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد اظہر اور حارث سہیل نے دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اظہر 54 اور حارث 17 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، سٹارک اور لیون نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 17/10/2018 - 20:05:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :