دانش کنیریا نے 6 برس بعدغلطی مان لی

والد مجھ پر فخر کرتے تھے اسلئے مجھ میں اتنا حوصلہ نہ تھا کہ غلطی تسلیم کرکے انکا سامنا کرسکوں: سابق کرکٹر

جمعرات 18 اکتوبر 2018 12:32

دانش کنیریا نے 6 برس بعدغلطی مان لی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2018ء) کرکٹ کرپشن میں تاحیات پابندی کے شکار سابق پاکستانی لیگ سپنر دانش کنیریا نے بالآخر سچ بول کر 6 برس بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔37سالہ سابق لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ میں نے جان بوجھ کرمیرون ویسٹ فیلڈ کی انوبھٹ سے ملاقات کروائی تھی، ویسٹ فیلڈ کی خواہش تھی کہ وہ زیادہ سے زیادہ مال کمائے، میرا فرض تھا کہ اس کو ایسا کرنے سے روکتا جو میں نے نہیں کیا۔

2012ءمیں انگلش کرکٹ بورڈ نے کرکٹر ویسٹ فیلڈ کو فکسنگ پر اکسانے کے جرم میں دانش کنیریا پر زندگی بھر کے لیے کرکٹ کے دروازے بند کردیئے تھے۔ دانش کنیریا نے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے کافی واویلا کیا اور انگلش کرکٹ بورڈ کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایاتھا، الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں دانش کنیریا نے اپنی شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ساری عمراس حقیقت کو چھپا کر نہیں رہ سکتا، اس لیے فیصلہ کیا کہ اپنی غلطی تسلیم کرلوں تاکہ دنیا کے سامنے سچائی آسکے۔

(جاری ہے)

سابق لیگ سپنرنے اپنے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا جو کچھ ہوا اس پر سخت شرمندہ ہوں، میں نے سب کا دل توڑا، اعتماد کھویا، مجھے ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے تھا۔ لیگ سپنر نے بتایا کہ والد کو کینسر تھا اور وہ مجھ پر بہت فخر کرتے تھے اس لیے پہلے سچ بولنے کی جرات نہیں ہوئی، ڈرتا رہا میری اس حرکت سے خاندان کو پریشانی ہوئی،میں عزت، مقام، دوست، کرکٹ سب کچھ گنوابیٹھا ہوں۔

دوسری جانب پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے دانش کنیریا کے غلطی تسلیم کرنے پر کہا کہ ان کو بہت پہلے ہی ایسا کرلینا چاہیے تھا۔ ٹھوس شواہد کی موجودگی میں وہ اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتے تھے، لیکن دانش نے ہماری ایک نہ مانی اور جھوٹ پر ڈٹے رہے۔ یہ کیس لڑنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے بہت اخراجات بھی آئے، پہلے وہ پی سی بی کے ساتھ تعاون کرلیتے تو شاید کچھ انہیں فائدہ ہوسکتا تھا۔
وقت اشاعت : 18/10/2018 - 12:32:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :