ابو ظہبی ٹیسٹ ،پاکستان نے چائے کے وقفے پر 5وکٹوں پر350 رنز بنا لیے

اظہر علی اور فخر زمان نے دوسری اننگز میں نصف سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اکتوبر 2018 15:48

ابو ظہبی ٹیسٹ ،پاکستان نے چائے کے وقفے پر 5وکٹوں پر350 رنز بنا لیے
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے چائے کے وقفے پر 5وکٹوں کے نقصان پر350 رنز سکور کرلیے ہیں ۔ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 رنز پر آﺅٹ ہوگئی ،کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو حارث سہیل 17 اور اظہر علی 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم نیتھن لیون نے حارث سہیل کو اپنے سکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

53ویں اوور میں پیٹر سڈل کی ایک گیند اظہر علی کے بلے کا کنارہ لے کر تھر ڈ مین باﺅنڈری کی جانب گئی اور باﺅنڈری کے بالکل قریب جاکر رک گئی ،اظہر علی اور اسد شفیق کے خیال میں گیند باﺅنڈری پار کرگئی تھی اور جب مچل سٹارک نے بال واپس وکٹ کیپر ٹم پین کی جانب پھینکی تو دونوں بلے باز وکٹ کے درمیان میں بت بنے کھڑے تھے اور ٹم پین نے وکٹ گرا کر اظہر علی کو64رنز پر پوویلین واپس بھیج دیا ۔

(جاری ہے)

بابر اعظم اور اسد شفیق نے کھانے کے وقفے پر ٹیم کا سکور232تک پہنچا دیا،کھانے کے وقفے کے بعد اسد شفیق44رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے ،کپتان سرفراز احمد نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر چائے کے وقفے پر ٹیم کا سکور 350رنز تک پہنچا دیا ،بابر 90اور سرفراز 60رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں ۔اس سے قبل کھیل کے دوسرے روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی، ایرون فنچ 39 اور مچل سٹارک 34 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 145 رنز پر آﺅٹ ہوگئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دن کے اختتام تک پاکستان بھی دوسری اننگز میں اپنی دو وکٹیں گنواچکا تھا، فخرزمان نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔کھیل کے پہلے روز نیتھن لیون نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی آدھی ٹیم کو صرف 57 رنز پر پویلین بھیج دیا تھا تاہم کپتان سرفراز احمد اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94،94 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور مستحکم کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے 4، لیبسچگنی نے 3 ، مچل مارش اور مچل سٹاک نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔
وقت اشاعت : 18/10/2018 - 15:48:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :