ابو ظہبی ٹیسٹ، آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی

قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 99 اور سرفراز احمد نے 81 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اکتوبر 2018 12:19

ابو ظہبی ٹیسٹ، آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر2018ء) ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے538 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پوویلین لوٹ گئی ہے ۔ابوظہبی ٹیسٹ میں چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرویس ہیڈ کو36 رنز پر کیچ آﺅٹ کروایا اور پھر مچل مارش 5رنز پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کرکے پویلین واپس بھیجا، اس کے بعد انہوں نے کینگرواوپنر ایرون فنچ کو31رنز پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا اور پھر آسٹریلیوی کپتان ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں میں آنے والی گیند کو چھوڑنے کے نتیجے میں بولڈ ہوکر پوویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 4 شکار کیے جب کہ میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے دوبارہ بیٹنگ کا آغاز کیا تو حارث سہیل گزشتہ روز کے سکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد آﺅٹ ہوئے تاہم 6 رنز بعد ہی سابق کپتان اظہر علی مضحکہ خیز طریقے سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سنبھالا لیکن اسد شفیق بھی 235 رنز کے مجموعے پر 44 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے۔

پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور نوجوان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کی برتری کو 500 رنز تک پہنچا دیا۔دریں اثنا بابر اعظم اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل نہ کر سکے اور مچل مارش کی گیند پر 99 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔واضح رہے کہ بابر اعظم اب تک 13 ٹیسٹ میچ کھیلے چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 نصف سنچریاں سکور کیں تاہم سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئی تھی، جس میں فخر زمان اور سرفراز احمد نے 94، 94 رنز سکور کیے تھے۔پاکستان کے محمد عباس نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے دوسرے دن 33 رنز دے کر 5 آسٹریلین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرکے ان کی اننگز 145 رنز پر تمام کردی تھی۔پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد حفیظ میچ میں دوسری مرتبہ پھر ناکام ہوگئے اور 6 رنز بنانے کے بعد 15 کے مجموعے پر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔

حفیظ کے بعد اظہر علی اور فخرزمان نے آسٹریلین کھلاڑیوں کے چیلنج کو قبول کیا اور ٹیم کا سکور 106 رنز تک پہنچایا جہاں فخر زمان 66 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئے تھے۔میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا لیے تھے اور انہیں 281 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
وقت اشاعت : 19/10/2018 - 12:19:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :