آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں تباہ کن بائولنگ کرنیوالے بالر محمد عباس کاوطن واپسی پر پرتپاک استقبال

اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں جس نے محنت کا پھل دیا ،اپنے علاقے کے نوجوان کرکٹرز کیلئے دستیاب ہوں ‘ گفتگو

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 13:20

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تباہ کن بائولنگ کرنے والے بالر محمد عباس وطن واپس پہنچ گئے جن کا سیالکوٹ ائیرپورٹ پر والہانہ استقبال کیا گیا۔محمد عباس کے اہل خانہ سمیت دوستوں اور اہل علاقہ کی ایک بڑی تعداد ائیرپورٹ پر موجود تھے جنہوں نے ڈھو ل کی تھاپ پر اورپھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں جس نے محنت کا پھل دیا اور مجھے اس کا قوی یقین تھا۔محمد عباس نے بتایا کہ میں نے کائونٹی کرکٹ میں بھی بہت اچھا پرفارم کیا تھا اور اس میں آرام کا موقع بالکل نہیں ملتا، میں نے کائونٹی کرکٹ کو جاری رکھا جس کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔ ایک سوال پر کہ کیا آپ ماضی میں کرکٹ سے مایوس ہوکر پاکستان چھوڑ گئے تھی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم ہوجاتی تھی تو میں کھیلنے کے لیے عمان جاتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے علاقے سے پہلا کرکٹر ہوں، مجھے دیکھ کر دیگر نوجوانوں کو بھی شوق پیدا ہوا ہے اور میں ان کی مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں۔
وقت اشاعت : 20/10/2018 - 13:20:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :