آسٹریلیا کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل قومی ٹیم کےلئے بڑی خوشخبری آگئی

سرفراز کی فٹنس میں بہتری، آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شرکت کیلئے پرعزم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 اکتوبر 2018 12:53

آسٹریلیا کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل قومی ٹیم کےلئے بڑی خوشخبری آگئی
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اکتوبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور وہ بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میں شرکت کے لیے پرعزم ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی فٹنس میں بہتری آئی ہے اور وہ پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے، دو دن آرام سے انھیں فائدہ ہوا اور اب سر میں تکلیف کم ہو گئی ہے،وہ بدھ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں شرکت کیلئے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کے دوران سرفراز کے ہیلمٹ پر گیند لگ گئی تھی جس کی وجہ سے چوتھے دن محمد رضوان سے وکٹ کیپنگ کرائی گئی تھی، سرفراز کو ڈاکٹر نے 48 گھنٹے آرام کا مشورہ دیا تھا، اسی میچ کی پہلی اننگز میں بھی دوران بیٹنگ سرفراز کے بازو پر گیند لگ گئی تھی جس کے بعد رضوان کو بطور وکٹ کیپر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس کے لیے میچ ریفری سے خصوصی اجازت لی گئی تھی، رضوان اے ٹیم کے ساتھ پہلے ہی یو اے ای میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے خلاف 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے ،تجربہ کار لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلرمحمد عامر کو ڈراپ کیا گیا ہے جب کہ فٹنس معیار پر پورا اترنے کے بعد آل راﺅنڈر عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ایک اور لیفٹ آرم فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیاگیا۔ منتخب کردہ ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر)، فخرزمان، محمد حفیظ، صاحب زادہ فرحان، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی،عثمان شنواری، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاداب خان اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی میچز 24،26 اور 28 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات میں ہوں گے۔
وقت اشاعت : 22/10/2018 - 12:53:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :