اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید کی سزا کیخلاف اپیل مسترد ،10 سالہ پابندی برقرار

پیر 22 اکتوبر 2018 17:19

اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید کی سزا کیخلاف اپیل مسترد ،10 سالہ پابندی برقرار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے ان پر 10 سالہ پابندی برقرار رکھی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں رواں سال 17اگست کو کرکٹر ناصر جمشید پر 10 سال کی پابندی عائد کی تھی جس کے خلاف کرکٹر نے اپیل دائر کی تھی۔

ٹریبونل نے ناصر جمشید کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے، انہیں کرکٹ یا مینجمنٹ میں رول دیئے جانے پر بھی پابندی لگائی تھی۔ناصر جمشید کی اپیل پر سماعت کے لیے آزاد ایڈ جیوڈیکیٹر کا تقرر کیا گیا تھا اور جسٹس (ر) حامد فاروق نے اپیل پر سماعت کی اور ناصر جمشید کی جانب سے ان کے وکیل علی رضا کبیر نے دلائل دیئے جب کہ تین سماعتوں کے بعد دلائل مکمل ہونے پر 12اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر) حامد فاروق نے پیر 22اکتوبر کو محفوظ شدہ فیصلہ سنایا اور کرکٹر کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ان پر عائد 10سالہ پابندی کو برقرار رکھا ہے۔ناصر جمشید کی کرکٹ یا مینجمنٹ میں رول دینے پر پابندی اور بلیک لسٹ سے نام نکالنیکی اپیل منظور کرلی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی نے ناصر جمشید کو مرکزی کردار قرار دیا تھا۔اس کیس میں خالد لطیف، شرجیل خان اور شاہ زیب حسن سزا بھگت رہے ہیں جب کہ فاسٹ بولر محمد عرفان اپنی سزا کاٹ چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 22/10/2018 - 17:19:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :