قومی والی بال ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ،مستقبل میں پاکستان ٹیم وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرے گی،چوہدری یعقوب

اگلے سال اپریل میں والی بال لیگ کرائی جائے گی جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کرینگے، چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن

پیر 22 اکتوبر 2018 23:09

قومی والی بال ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ،مستقبل میں پاکستان ٹیم وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرے گی،چوہدری یعقوب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے کہا ہے کہ وہ قومی والی بال ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہیں، مستقبل میں پاکستان ٹیم وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرے گی۔ اگلے سال اپریل میں والی بال لیگ کرائی جائے گی جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کرینگے۔ اس بات کا اعلان چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے پی او اے ہاوس لاہور میں ہونے والی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل زون کے تحت چھ ملکی والی بال ٹورنامنٹ اگلے سال اپریل میں کیا جائے گا جس میں غیر ملکی ٹیموں نے اپنی شرکت کی یقینی دہانی کرا رکھی ہے۔ بھارتی ٹیم کو بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اگر ان کی حکومت نے اجازت نہ دی تو چھٹی ٹیم کے لیے مزید دو ممالک کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں بھارت اور چائینہ کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔

امید ہے کہ مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں پاکستان ٹیم وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ماہ پشاور میں ویمن نیشنل والی بال چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں 10 ٹیمیں حصہ لینگی بعد ازاں آزاد کشمیر میں 2 سے 6 نومبر تک ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔ چوہدری یعقوب کا کہنا تھا کہ فیڈریشن جہاں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کوششیں کر رہی ہے وہیں پر ٹیکنیکل آفیشلز جس میں کوچز، ریفریز اور اینالسٹ کی تربیت بھی کی جائے گی۔

والی بال کھیل کے فروغ کے لیے سکولز کی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی جس کے لیے اپنے کوچز مختلف شہروں کے سکوز میں بھجوایا جائے گا۔ پاکستان والی بال ٹیم نے جس محنت کے ساتھ یہاں تک مقام حاصل کیا ہے اب ہمیں اس سے آگے بڑھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں بین الاقوامی ایونٹس جیتن کی صلاحیت موجود ہے جس کا مظاہرہ حال ہی ہماری انڈر 18، انڈر 20 ٹیمیں کر چکی ہیں۔

ایشین کلب چیمپیئن شپ میں پاکستان کی چیمپیئن ٹیم واپڈا نے برانز میڈل اپنے نام کیا تھا۔ حکومت کی سپورٹ اور پرائیویٹ سپانسر کی مدد سے پاکستان والی بال کو ترقی دینگے۔ چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے کھیلوں میں بہتری کے لیے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے امید ہے کہ اس کی سفارشات میں جو اقدامات کیے جائیں گے اس سے ہماری کھیلیں ترقی کی راہ پر چل نکلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ والی بال لیگ کا انعقاد ملک کے مختلف سنٹرز جس میں لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور اسلام آباد میں کرائے جائیں گے۔ لیگ سے پاکستانی کھلاڑی کی مالی حالت بھی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر ان کی صلایحتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
وقت اشاعت : 22/10/2018 - 23:09:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :