اوپن ٹین پین بائولنگ چیمپئن شپ 26 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی، اعجاز الرحمان

منگل 23 اکتوبر 2018 15:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان ٹین پین بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام اوپن ٹین پین بائولنگ چپمئین شپ 26 اکتوبر سے لثرر سٹی بائولنگ کلب جناح پارک، راولپنڈی میں شروع ہو گی۔ پاکستان ٹین پین بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اعجاز الرحمان نے گزشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ تین روزہ ایونٹ میں قومی کھلاڑیوں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مرد اور خواتین کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں پہلی بار انٹرنیشنل سطح کے آئل مشین کا استعمال کیا جائے گا جس کیلئے ملائیشیا سے آئل مشین ایکسپرٹ اور بائولنگ کوچ بلائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نیشنل کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس سے قبل آئل مشین نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اب یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی آئل مشین ایکسپرٹ ہمارے سٹاف کو بھی تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بائولنگ کی پروموشن اور کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ اعجاز الرحمان نے چیمپئن شپ کے حوالے سے بتایا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 26 اکتوبر کو لیثرر سٹی بائولنگ کلب جناح پارک، راولپنڈی میں ہو گی۔ چیمپئن شپ میں مختلف کیٹگری کے مقابلے منعقد ہوں گے جس میں ماسٹر سنگلز، ڈبلز، ٹرایوز، خواتین، بوائز انڈر 12، گرلز انڈر 12، ڈیف اور میڈیا ایونٹ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے 28 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 23/10/2018 - 15:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :