آل کراچی عبدالوحید میموریل 5 اسٹار فٹ بال، ڈرگ روڈ یو نین ٹاپ 8 میں شامل

منگل 23 اکتوبر 2018 18:36

آل کراچی عبدالوحید میموریل 5 اسٹار فٹ بال، ڈرگ روڈ یو نین ٹاپ 8 میں شامل
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) ڈرگ روڈ یونین ڈسٹرکٹ ایسٹ نے سخت مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ سینٹرل کی نامور گلشن سوکر کو 1-0 کی اسکور لائن سے زیر کر کے حسینی فٹ بال کلب ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام آل کراچی عبدالوحید میموریل 5 اسٹار فٹ بال ٹورنامنٹ کے ٹاپ 8 میں اپنی شمولیت کرالی۔ فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کے انٹرنیشنل اسٹار نومی مارٹن نے اسکور کیا۔

ڈرگ روڈ یونین کے حماد کو ڈبل یلو کارڈ کا سامنا کرنے کے باعث ایک میچ کے لئے معطل کر دیا۔ (آج) بدھ کو چھٹے پری کوارٹر فائنل میچ میں لیاری برادرز (سائوتھ) کا مقابلہ اعظم اسپورٹس (ایسٹ) سے شام 4:30 بجے ہو گا۔ نورانی عید گاہ گرائونڈ نیو کراچی پر شہر قائد کی دو نامور اور طاقتور ٹیموں ڈرگ روڈ یونین اور گلشن سوکر کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ گرائونڈ پر موجود شائقین فٹ بال کی خاص توجہ کا مرکز بنا۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بالخصوص ڈرگ روڈ یونین کے کھلاڑیوں نے باہمی اشتراک کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حریف گلشن سوکر کو نسبتاً زیادہ دبائو میں رکھا۔ کھیل کے 10 ویں منٹ میں ڈرگ روڈ یونین کے انٹرنیشنل فٹ بالر نومی مارٹن کی20 گز کی دوری سے لگائی گئی زوردار کک کو گلشن سوکر کے گول کیپر ذیشان گول میں جانے سے نہ روک سکے اور ڈرگ روڈ یونین کو 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی۔

وقفہ پر گلشن سوکر 0-1 کے خسارے میں تھی۔ وقفہ کے دوران مہمان خصوصی حاجی محمد اسماعیل ٹھٹہ والے کا تعارف دونوں ٹیموں سے کرایا گیا۔ اس موقع پر صد ر حسینی کلب محمد صابر کھتری، سیکریٹری محمد حسن گھانچی، سیکریٹری سینٹرل و انٹر نیشنل فٹ بالر محمد سلیم پٹنی، نائب صدر سینٹرل محمد شمیم، ٹورنامنٹ سیکریٹری محمد صادق کھتری، ممبران ٹورنامنٹ کمیٹی محمد شکیل، محمد طاہر، ذاکر بابو کھتری، عبدالکریم جو جی، محمد شاکر کھتری، شاہد تائو، عمران ماما، ممبر ورکنگ کمیٹی محمد انور، غنی ہانڈہ، محمد ارسلان، کاشان، محمد عمر فاروق کھتری، فقیر محمد، وقار پٹنی بھی موجود تھے۔

دوسرے ہاف میں گلشن سوکر نے اپنے کوچ آدم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی کو تبدیل کیا اور ان کی جانب سے مدثر، شارخ اور ندیم نے باہمی اشتراک کا عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے گول برابر کرنے کے لئے ڈرگ روڈ یونین کے گول پوسٹ پر متعدد خطرناک حملے کیے لیکن حریف گول کیپر عزیز نے تمام حملوں کو بڑی دلیری اور مہارت سے ناکام بنا دیا۔ دوسری جانب سے ڈرگ روڈ یونین کے انٹر نیشنل نومی مارٹن، حارث اور حماد نے اپنی ٹیم کی برتری ڈبل کرنے کی ہر ممکن کوششیں کیں لیکن گیند کو درست نشانے پر پھینکنے میں ناکام رہے۔

تاہم ریفری سلیم الدین بابر کی فائنل وسل پر ڈرگ روڈ یونین 1-0 کی برتری برقرار رکھتے ہوئے فاتح بن کر گرائونڈ سے باہر آئی اور ٹاپ 8 میں اپنی جگہ پکی کرالی۔ میچ کو نیشنل ریفری سلیم الدین بابر نے سپروائز کیا جبکہ ان کے معاونین میں نیشنل ریفری سید کلیم اور محمد رفیق شامل تھے۔
وقت اشاعت : 23/10/2018 - 18:36:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :