بابر اعظم نمبر ون ٹی ٹونٹی بلے باز بن گئے

عمادوسیم ٹاپ 10باﺅلرز کی فہرست میں شامل،حسن اور فہیم کی بھی ترقی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 اکتوبر 2018 14:13

بابر اعظم نمبر ون ٹی ٹونٹی بلے باز بن گئے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں 68ناٹ آﺅٹ ، 45اور50رنز کی باریاں کھیلنے والے قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نئی آئی سی سی رینکنگ میں بہترین ٹی ٹونٹی بلے باز بن گئے ہیں ۔ بابر اعظم نے سیریز میں 117.26کے سٹرائیک ریٹ سے163رنز سکور کیے اور گرین شرٹس نے کینگروز کیخلاف 3-0سے وائٹ واش مکمل کیا ۔

ان کی اس کاوش کی بدولت وہ پانچویں پوزیشن سے پہلے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ اب دوسرے نمبر پر براجمان ہیں ،پاکستان کے فخر زمان تین درجے تنزلی کے ساتھ اب 5ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔بابر اعظم اب تک محدود اوور کی طرز کی کرکٹ میں 23 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 7 نصف سنچریوں کی بدولت 56.56 کی اوسط سے 905 رنز بنائے ہیں ۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ میں 36گیندوں پر 69رنز سکور کرنے والے انگلینڈ کے جیسن روئے 5درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ10ٹی ٹونٹی بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں اور اس وقت688پوائنٹس کے ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہیں ۔باﺅلرز کی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں اب 5لیگ سپنرز نے ٹاپ 5پوزیشنیں اپنے نام کررکھی ہیں ، افغانستان کے راشد خان،پاکستان کے شاداب خان، نیوزی لینڈ کے اش سوڈھی اور بھارت کے یزوندرا چاہل پہلی چار پوزیشنوں پر موجود ہیں جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید نے اب 5ویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ، عادل رشید نے سر ی لنکا کیخلاف محض11رنز دیکر 3شکار کیے اور اب 676پوائنٹس کے مالک بن چکے ہیں ۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی21ویں اور فہیم اشرف 16ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ آسٹریلیوی لیگ سپنر ایڈم زامپا نے 22ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے تاہم ٹاپ 10باﺅلرز کی فہرست میں دو نئے چہروں کا اضافہ ہوا ہے جن میں پاکستان کے عماد وسیم اور آسٹریلیا کے بلی سٹین لیک شامل ہیں ، بلی سٹین لیک نے نویں اور عماد وسیم نے 14درجے ترقی کے ساتھ 10ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے ۔

ٹی ٹونٹی کے بہترین آل راﺅنڈر کی فہرست میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل سرفہرست ہیں جب کہ افغانستان کے محمد نبی دوسرے، بنگلادیش کے شکیب الحسن تیسرے، جنوبی افریقا کے جے پی ڈومنی چوتھے اور ویسٹ انڈیز کے مارلن سیمولز پانچویں نمبر پر ہیں۔بہترین آل راﺅنڈرز میں پاکستان کے شعیب ملک 12ویں اور محمد حفیظ 16ویں نمبر پر ہیں۔
وقت اشاعت : 29/10/2018 - 14:13:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :