بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ د ی

کیریئر کے پہلی 23اننگز میں زیادہ سکور کرنیوالے بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 اکتوبر 2018 15:51

بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ د ی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 اکتوبر2018ء) آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں 68ناٹ آﺅٹ ، 45اور50رنز کی باریاں کھیلنے والے قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کر رکھ د ی ہے ۔ 24سالہ بابر اعظم اب تک محدود اوور کی طرز کی کرکٹ میں 23 میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 7 نصف سنچریوں کی بدولت 56.56 کی اوسط سے 905 رنز بنائے ہیں ، اب تک ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کوئی اور بلے باز اپنے کیریئر کی پہلی 23اننگز میں ان سے زیادہ رنز سکور نہیں کرسکا ہے ۔

پاکستان لیے محض3بلے باز بابر اعظم سے زیادہ نصف سنچریاں سکور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں محمد حفیظ (9نصف سنچریاں) ، احمد شہزاد (7نصف سنچریاں اور ایک سنچری ) اور عمر اکمل (8نصف سنچریاں) شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

بابر اعظم کم ترین میچز میں 7نصف سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز ہیں ،ان سے قبل قومی ٹیم کے سینئر بلے با ز محمد حفیظ نے 48اننگز میں7نصف سنچریاں سکور کی تھیں ۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 33رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش مکمل کرلیا ہے ۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،سیریز کے تینوں میچز میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور ابتدائی دو میچز میں فتح اپنے نام کی۔فخرزمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان نے بابراعظم کے ساتھ اننگز اوپن کی اور دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کو بہترین اوپننگ فراہم کیا ، صاحبزادہ فرحان 39رنز بنا کر 93کے مجموعی سکور پر نیتھن لیون کا شکار بنے ، بابر اعظم اپنی 7ویں نصف سنچری مکمل کرتے ہی اینڈریو ٹائی کے گیند پر بولڈ ہوگئے ۔

شعیب ملک18رنز بنا کر ایڈم زامپا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ،آصف علی4اور فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے مچل مارش کا شکار بنے ،حفیظ اور عماد نے پاکستان کا سکور150رنز تک پہنچایا ،حفیظ32اور عماد 3رنز کیساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔آسٹریلیا کے لیے ایرون فنچ اور ایلکس کیری نے اننگز کا آغاز کیا اور کیری نے عماد وسیم کے پہلے اوور میں20رنز بٹورے تاہم فہیم اشرف نے فنچ کو1رن پر چلتا کیا ،محمد حفیظ نے اپنے پہلے اوور میں کیری کی وکٹ حاصل کی ، کرس لین اور بین میکڈر موٹ نے تیسری وکٹ کے لیے 36رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد لین15رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے ، بین میکڈر موٹ 21 رنز بنا کر سیریز میں تیسری مرتبہ رن آﺅٹ ہوگئے ،گلین میکسویل4رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، مچل مارش21رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے جبکہ ڈارسی شارٹ بھی 10رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر شعیب ملک کے شاندار کیچ کی بدولت پوویلین لوٹے ،اینڈریو ٹائی5رنز بناکر حسن علی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، ایڈم زامپا آﺅٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے اور پوری کینگرو ٹیم 117رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

پاکستان کیلئے شاداب خان نے 3جبکہ حسن علی نے 2اور عثمان شنواری ، حفیظ اور فہیم نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔سرفراز الیون نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی 20 میچ 66 رنز اور دوسرا مقابلہ 11 رنز سے جیتا تھا۔
وقت اشاعت : 29/10/2018 - 15:51:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :