این چیپل اپنی ٹیم کی یواے ای میں کارکردگی دیکھ لیں:سرفراز احمد

غیر ملکوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی دیگر ایشیائی ملکوں سے بہتر ہے: سرفراز احمد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 اکتوبر 2018 13:50

این چیپل اپنی ٹیم کی یواے ای میں کارکردگی دیکھ لیں:سرفراز احمد
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 اکتوبر2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سابق آسٹریلیوی کپتان این چیپل کے طنز کا جواب عمدہ کارکردگی سے دے دیا ہے ۔کینگروز کو ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سویپ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اس حوالے سے سوال پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم دوسرے کے ہوم گراﺅنڈ پر کھیلنے میں مشکلات کا شکار ہوتی ہے،گزشتہ دورئہ آسٹریلیا میں پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی،برسبین اور میلبورن ٹیسٹ میں ہم جیتنے کی پوزیشن میں تھے مگر بدقسمتی سے ایسا نہ کرپائے،ون ڈے میچز میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ غیر ملکوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی دیگر ایشیائی ملکوں سے بہتر ہے، انگلینڈ میں گرین کیپس نے سیریز برابر کی، دیگر ملکوں میں بھی اچھا کھیل پیش کیا، دوسر ی جانب انگلش ٹیم سری لنکا میں 3-0سے ہار گئی، میرے خیال میں زیادہ بات کرنے کی ضرورت نہیں، آسٹریلوی کرکٹر اپنی ٹیم کی یواے ای میں کارکردگی دیکھ لیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کے گزشتہ دورئہ آسٹریلیا کے دوران سابق آسٹریلیوی کپتان این چیپل نے طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کی کمزور ٹیموں کو کھیلنے کے لیے بلانا ہی نہیں چاہیے،بے جان میچز سے کینگروکرکٹ کو فائدے کے بجائے نقصان ہوگا۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی تھی ، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں کینگروز نے عثمان خواجہ کی شاندار کاکردگی کی بدولت میچ ڈرا کیا تاہم دوسرے میچ میں محمد عباس نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے میچ میں دس وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو سیریز میں کامیابی دلائی ۔تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں بھی پاکستانی باﺅلرز نے شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے گرین شرٹس کو کلین سویپ کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ۔ 
وقت اشاعت : 30/10/2018 - 13:50:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :