فاسٹ باﺅلر وقاص مقصو نے ڈیبیو میچ پر ہی ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا

ٹی ٹونٹی کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے سالگرہ پر ڈیبیو کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 5 نومبر 2018 21:39

فاسٹ باﺅلر وقاص مقصو نے ڈیبیو میچ پر ہی ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5نومبر2018ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر وقاص مقصو نے ڈیبیو میچ پر ہی ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے دوران پاکستان کی طرف سے فاسٹ باﺅلر وقاص مقصود نے اپنا ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا جب کہ شاہین آفریدی کی جگہ عثمان خان شنواری کو کھلایا گیا،وقاص مقصود نے اپنا ٹی ٹونٹی ڈیبیو سالگرہ کے دن کیا ، وہ 4 نومبر 1987 ءکو فیصل آباد میں پیدا ہوئے تھے اور اپنی31ویں سالگرہ منا رہے تھے ، وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے سالگرہ پر ڈیبیو کیا ۔

وقاص مقصود نے ڈیبیو میچ کھیلنے سے پہلے ٹی ٹونٹی میں لمبا انتظار کیا ہے اور 2011 ءمیں ٹی ٹونٹی میں فیصل آباد وولوز کی طرف سے ڈیبیو کیا تھا۔اس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں پک کیا لیکن کوئی میچ نہ کھیل سکے جب کہ پاکستان ٹی ٹونٹی کپ 2018 ءمیں 14 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باﺅلر بنے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستا ن نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کو 47رنز سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کرلیا ۔

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا ،پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے سکور پر گری جب فخر زمان 11 رنز بناکر لوکی فرگوسن کا شکار بن گئے۔دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حفیظ نے کئی دلکش سٹروکس کھیلے اور بابر اعظم نے اس دوران اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کےساتھ تیز ترین ہزار ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ،وہ حفیظ کے ساتھ 94رنز کی شراکت داری قائم کرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر 79رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ، شعیب ملک 9گیندوں پر19رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر گرینڈ ہوم کی دوسری وکٹ بنے ،محمد حفیظ نے اپنی 10ویں ٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی اور آصف علی کے ساتھ ملکر20اوورز میں پاکستان کا سکور 166رنز تک پہنچایا ۔

نیوزی لینڈ کے لیے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا ،منرو محض2رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ، نمبر تین پر بیٹنگ کےلئے آنےوالے کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی ناکام رہے اوروہ6رنز بنا کر عثمان شنواری کی تھرو پر رن آﺅٹ ہوگئے ، کیوی کپتان کین ولیمسن نے گلین فلپس کےساتھ تیسری وکٹ کےلئے 83رنز کا اضافہ کیا اور اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 9ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ شاداب خان کی گیند پر چھکا لگانےکی کوشش میں باﺅنڈری پر بابر اعظم کے ہاتھوں جکڑے گئے ، دو گیندوں بعد شاداب نے گلین فلپس کو بھی 26کے انفرادی سکور پر بولڈ کردیا ، مار ک چیپ مین محض2رنز بنا کر عمادوسیم کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوگئے ،اگلی ہی گیند پر ٹم سائیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے ، ٹم ساﺅتھی بھی بغیر کوئی رنز بنائے فہیم اشرف کی عمد ہ تھرو پر رن آﺅٹ ہوگئے ،شاداب خان نے روس ٹیلر کو7رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ کروا کر اپنی تیسری وکٹ حاصل کی ،وقاص مقصود نے لوکی فرگوسن کو آﺅٹ کرکے اپنی پہلی ٹی ٹونٹی وکٹ حاصل کی اور پھر سیتھ رینس کو آﺅٹ کرکے پاکستان کو جیت دلائی۔


وقت اشاعت : 05/11/2018 - 21:39:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :