حفیظ کی شاندار فارم نے مکی آرتھر کو شرمندہ کردیا

غلطیوں کا احساس کرتے ہوئے محمد حفیظ سے معذرت کر لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 نومبر 2018 13:15

حفیظ کی شاندار فارم نے مکی آرتھر کو شرمندہ کردیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7نومبر2018ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اپنی غلطیوں کا احساس کرتے ہوئے محمد حفیظ سے معذرت کر لی۔ ذرائع نے بتایا کہ نیوزی لینڈ سے ٹی ٹونٹی سیریزکے دوران کوچ نے سینئرکرکٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ان کے بارے میں غلط رائے قائم کی، وہ اب بھی پاکستان ٹیم کے لیے کارآمد ہیں۔واضح رہے کہ سینئرز کے سخت مخالف سمجھے جانے والے کوچ کی ایماءپر ہی محمد حفیظ کو ایشیا کپ کے لیے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، پھر آسٹریلیا اور کیویز سے ٹی ٹونٹی مقابلوں کے لیے ان کی واپسی ہوئی اور انھوں نے بہترین کھیل سے اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق کپتان اظہر علی کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ میں بھی کوچ کی جانب سے نولفٹ کا عنصر شامل ہے، وہ اس طرز میں مزید کھیلنا چاہتے تھے مگر نظرانداز کیا جا رہا تھا، سینئر بیٹسمین کو جب یقین ہو گیا کہ اب واپسی کا کوئی امکان نہیں تو ون ڈے سے علیحدگی کا اعلان کر دیا، اب اگلے انگلش سیزن میں انھیں سمرسٹ کاﺅنٹی سے مکمل کنٹریکٹ مل جائے گا کیوں کہ عمومی طور پر کاﺅنٹیز ایسے کھلاڑیوں کو ترجیح نہیں دیتیں جو سیزن کے درمیان میں ہی قومی ڈیوٹی کیلئے چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناءٹیسٹ اوپنر شان مسعود بھی مسلسل عمدہ کارکردگی کے باوجود نظرانداز کیے جانے پر ناخوش ہیں،ذرائع نے بتایا کہ انھوں نے گزشتہ دنوں کوچ کو کئی ٹیکسٹ میسجز بھیج کر عدم انتخاب کی وجہ پوچھی،آرتھر نے ٹیم کے کئی کھلاڑیوں سے اس کا تذکرہ بھی کیا۔ پاکستان کے لیے 52ٹیسٹ ، 200ون ڈے اور89ٹی ٹونٹی مقابلے کھیلنے والے 38سالہ محمد حفیظ ممکنہ طور پر دورہ جنوبی افریقہ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹارمنٹ کا اعلان کرسکتے ہیں جب کہ ورلڈ کپ2019ءان کے ون ڈے کیریئر کا آخری ایونٹ ثابت ہوسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 07/11/2018 - 13:15:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :