محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن قانونی قرار

بائیو مکینیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر پال ہورین نے حفیظ کے بالنگ ایکشن کو لیگل قرار دیدیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 نومبر 2018 14:58

محمد حفیظ کا باﺅلنگ ایکشن قانونی قرار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10نومبر2018ء) بائیو مکینیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر پال ہورین نے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن کو لیگل قرار دیدیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر پال نے کہا کہ اپریل 2018 ءسے محمد حفیظ کا ایکشن انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )سے منظور ہوا جب کہ میں نے محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن کی میچ اور نیٹ پریکٹس ویڈیو دیکھی ہیں، محمد حفیظ کا ایکشن موثر اور بالکل قانون کے مطابق ہے۔

یاد رہے کہ ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کی اننگز کے 26 ویں اوور میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوئی جب کیوی بلے باز راس ٹیلر نے محمد حفیظ کی باﺅلنگ پر امپائر سے اعتراض کیا۔

(جاری ہے)

راس ٹیلر نے امپائر سے کہا کہ حفیظ ’دوسرا‘ کرا رہے ہیں جس کی انہیں اجازت نہیں ہے۔

امپائرز نے کیوی بلے باز کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ بیٹنگ کریں، ہم دیکھ رہے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اس معاملے پر امپائرز سے بات چیت کی اور پھر محمد حفیظ کوباﺅلنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔خیال رہے کہ محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن پر اس سے پہلے بھی کئی بار اعتراض اٹھایا جا چکا ہے اور آئی سی سی کی جانب سے محمد حفیظ پر ایک سال کی پابندی بھی عائد کی جا چکی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان کہنا تھا کہ حفیظ کا ایکشن قانونی ہے اور اسے آئی سی سی کی جانب سے ہی کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ میں روس ٹیلر کی اس حرکت کو ’غلط‘ ہی کہوں گا، یہ بہت ہی شرمناک حرکت ہے،یہ روس ٹیلر کا کام نہیں تھا کہ وہ محمد حفیظ کے ایکشن کے بارے میں بتائیں، انکا کام بیٹنگ کرنا ہے وہ صرف بیٹنگ کریں اور اسی پر توجہ دیں، وہی ان کے لیے بہتر ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ’میں نے اس حرکت کے بارے میں امپائرز کو بھی بتادیا تھا اور کہا تھا کہ روس ٹیلر کی یہ حرکت سپورٹس مین شپ میں نہیں آتی۔پاکستانی کپتان نے کیوی کھلاڑی کے ایکشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس ٹیلر ایک پیشہ ور کرکٹر ہیں، باﺅلر کے ایکشن کے بارے میں بات کرنا ان کا نہیں امپائر کا کام ہے، محمد حفیظ کے باﺅلنگ ایکشن میں کوئی مسئلہ نہیں ہے جبکہ روس ٹیلر بلاوجہ ایک مسئلہ کھڑا کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔

وقت اشاعت : 10/11/2018 - 14:58:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :