ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ،

ڈوٹن کی تباہ کن بائولنگ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کا بنگلہ دیش کو ہرا کر فاتحانہ آغاز، پاکستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

ہفتہ 10 نومبر 2018 16:54

کنگسٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں دیندرا ڈوٹن کی تباہ کن اور ریکارڈ ساز بائولنگ کی بدولت دفاعی و عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، ڈوٹن نے 5 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، پاکستانی ٹیم کو ابتدائی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے، کیسیا اے نائٹ 32، کپتان سٹیفنی ٹیلر 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں، جہان آرا عالم نے 3 اور رومنا احمد نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم آسان ہدف کے تعاقب میں 14.4 اوورز میں صرف 46 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ڈوٹن کی تباہ کن بائولنگ کے سامنے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی، پوری ٹیم کی ایک بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکی، فرگانہ حق 8 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ڈوٹن نے 5 شکیرا نے 2 سٹیفنی ٹیلر اور فلیچر نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

اسی روز کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں پاکستانی ویمن کو آسٹریلیا ویمن کے ہاتھوں 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا ویمن نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 165 رنز بنائے، ایلیز ہیلی اور بیتھ مونی 48، 48 رنز بنا کر نمایاں رہیں، ناشرہ اور عالیہ نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں پاکستانی ویمن ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 113 رنز بنا سکی، بسمعہ معروف 26، عمیمہ سہیل اور ثناء میر 20، 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، سدرہ نواز 13، ناہیدہ خان 9، کپتان جویریہ خان 9، عائشہ ظفر 2، ندا ڈار 4 اور عالیہ ریاض ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئیں، میگن شٹ اور وارہام نے 2، 2 مولینکس، گارڈنر اور کیمنس نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 10/11/2018 - 16:54:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :