اوپننگ بلے بازامام الحق کی میچ میں شرکت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط

شعیب ملک نے امام کیساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 نومبر 2018 12:59

اوپننگ بلے بازامام الحق کی میچ میں شرکت فٹنس ٹیسٹ سے مشروط
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11نومبر2018ء) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں زخمی ہونیوالے امام الحق کی سٹی سکین سمیت تمام رپورٹس کلیئر آ گئیں، نیوزی لینڈ کے خلاف فیصلہ کن معرکہ میں شرکت کا حتمی فیصلہ فننس ٹیسٹ پاس کرنے کی صورت میں ہی کیا جائے گا ۔جمعہ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 210رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 54رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی البتہ لوکی فرگیوسن کی جانب سے کرائے گئے 13ویں اوور کی پہلی ہی گیند کو امام نے پل کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں ناکام رہے اور فاسٹ باﺅلر کی گیند سیدھا ان کے ہیلمٹ سے جا ٹکرائی۔

گیند لگنے کے فوراً بعد امام زمین پر ڈھیر ہو گئے تاہم کچھ دیر میں دوبارہ اپنے پیر کھڑے ہو گئے اور پھر سے بیٹنگ کے لیے مصر تھے لیکن اس لمحے ان کی حالت بگڑتے دیکھ کر امپائرز اور حریف کپتان کین ولیمسن نے انہیں فوری طور پر گراﺅنڈ سے باہر جانے کا مشورہ دیا۔

(جاری ہے)

اوپننگ بلے باز کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جانے کے بعد ایمبولینس میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ لیے گئے۔

ابتدائی طور پر قومی ٹیم مینجمنٹ کا کہنا تھا کہ 22سالہ بلے باز کا سٹی سکین ہو گا جس کے بعد دو دن تک ان کی حالت کا معائنہ کیا جاتا رہے گاتاہم ہسپتال سے مثبت رپورٹ آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ٹیسٹ کلیئر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام الحق محفوظ رہے اور انہیں کسی بھی قسم کی انجری نہیں ہوئی۔بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ امام کے تمام سکین کلیئر ہیں، انہوں نے ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیا ہے البتہ ٹیم فزیو ان کی صورتحال کا معائنہ کرتے رہیں گے۔ قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر شعیب ملک نے میچ کے بعد امام الحق کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اوپنر امام الحق بالکل خیریت سے ہیں۔

وقت اشاعت : 11/11/2018 - 12:59:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :