شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقی کنڈیشنز کےلئے تیار کررہے ہیں:سرفراز احمد

بارش کی وجہ سے میچ ختم نہ ہوتا تو فتح ہماری ہوتی: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 نومبر 2018 13:48

شاہین شاہ آفریدی کو جنوبی افریقی کنڈیشنز کےلئے تیار کررہے ہیں:سرفراز احمد
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12نومبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے میچ ختم نہ ہوتا تو نتیجہ گرین شرٹس کے حق میں ہوتا۔دبئی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر بارش کی وجہ سے میچ ختم نہ ہوتا تو ہم جیت جاتے، تیسرے اور آخری میچ میں بیٹسمینوں کو آزمایا گیا،امام الحق فٹ ہیں،ان کواحتیاط کی وجہ سے نہیں کھلایا،حارث سہیل کی بیٹنگ سے ٹیم کوفائدہ ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہین آفریدی ٹیم میں اچھااضافہ ہیں، ہم انہیں جنوبی افریقی کنڈیشنز کے لیے تیار کررہے ہیں، ٹیم میں تبدیلیوں کے باوجودون ڈے میں اچھے نتا ئج مل رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے میں ٹاپ آرڈراچھاپرفارم کرے تو بڑا ٹارگٹ بن سکتاہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرا ون ڈے بارش کے باعث ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا جس کے بعد تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

دبئی میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا، پاکستان کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ بارش کے باعث اپنی اننگز مکمل نہ کرسکی، موسلا دھار بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تب کیوی ٹیم نے چھ عشاریہ پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے تھے، ووکر 18 اور نکولس 12 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے جب کہ اوپنر کولن منرو بغیر رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔قبل ازیں پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا توپاکستان کی جانب سے فخرزمان اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 64 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم محمد حفیظ صرف 19 رنز ہی بناکر آﺅٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

تیسری وکٹ پر حارث سہیل نے بابر اعظم کے ہمراہ 104 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 206 تک پہنچایا، حارث سہیل 60 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے 18 رنز کی باری کھیلی۔بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 92 رنز بنائے تاہم وہ سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوورز میں چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آﺅٹ ہوگئے، آصف علی نے 9، فہیم اشرف نے 5، حسن علی نے 2 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، ہنری، بولٹ اور گرینڈ ہوم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 12/11/2018 - 13:48:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :