ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا،

کریسٹی گورڈن کو عمدہ بائولنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

منگل 13 نومبر 2018 14:04

ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا،
سینٹ لوسیا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے ساتویں میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کریسٹی گورڈن نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض بنگلہ دیش کی 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز میں جاری عالمی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے ساتویں میچ میں انگلش بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدوت بنگلہ دیشی ویمن ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنا سکی اور اس نے انگلینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 77 رنز کا ہدف دیا تاہم بعد میں بارش کے بعد میچ 16 اوورز تک محدود کردیا گیا اور انگلینڈ کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 64 رنز کا ہدف ملا۔

(جاری ہے)

انگلش بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم کی 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکیں۔ عائشہ رحمان نے 39 اور جہان آرا عالم نے 12 رنز بنائے۔ انگلش ٹیم کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریسٹی گورڈن نے تین جبکہ سیور، شروبسولی، سمتھ اور ایکلسٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے ایمی جونز کے ناقابل شکست 28 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 9.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ ایمی جونز نے ناقابل شکست 28 اور سکیور نے 23 رنز بنائے۔ یوں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو میچ میں با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کریسٹی گورڈن کو شاندار بائولنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 13/11/2018 - 14:04:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :