ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ ہونے سے قومی کرکٹرز پریشان

امید ہے پاکستان کرکٹ بورڈ اس اہم معاملے کو احسن انداز سے دیکھے گا:عمر گل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 13 نومبر 2018 16:59

ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ ہونے سے قومی کرکٹرز پریشان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13نومبر2018ء) پی ایس ایل کی چھٹی فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ ہونے سے قومی کرکٹرز پریشانی اور عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں اور قومی پیسر عمر گل کو امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس اہم معاملے کو احسن انداز سے دیکھے گا۔پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے ٹیسٹ فاسٹ باﺅلر عمر گل کے مطابق وہ مکمل فٹنس اور فارم کے ساتھ چوتھے ایڈیشن میں شرکت کیلئے تیار ہیں لیکن چونکہ بحیثیت کھلاڑی اس طرح کے معاملات میں وہ کچھ نہیں کر سکتے لہٰذا ان کی تمام تر توقعات پی سی بی سے وابستہ ہیں کہ اس کی جانب سے کوئی بہتر فیصلہ کیا جائے گا۔

عمر گل کا کہنا تھا کہ ان کی ملتان سلطانز کے مالکان سے بات چیت ہوئی ہے جنہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پلیئرز کو ڈرافٹ سے قبل ریلیز کردیا جائے گا جب کہ ممکن ہوا تو ان سے دوبارہ معاہدہ کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عمر گل نے واضح کیا کہ وہ اس لحاظ سے بدقسمت رہے کہ ان کا سال سے ڈیڑھ سال کا عرصہ انجریز سے نبرد آزما ہوتے گزر گیا اور وہ اتنی کرکٹ نہیں کھیل سکے جتنی کھیلنا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کامیابی کے ساتھ حبیب بینک کی قیادت کر رہے ہیں اور سیزن کے دوران اچھی کارکردگی کے باعث امید ہے کہ وہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے دوران بھی ایکشن میں نظر آئیں گے کیونکہ ان میں اب بھی کافی کرکٹ باقی ہے اور جس فرنچائز نے ان سے معاہدہ کیا وہ اپنے وسیع تجربے کی بدولت اس کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا تھا جس کے بعد فرنچائز کے تمام تر مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل ہو گئے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملتان سلطانز کی جانب سے معاہدے کے مطابق مالیاتی امور طے شدہ وقت پر انجام نہ دینے پر سابق فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کیا گیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا چوتھا ایڈیشن اپنے وقت پر منعقد ہو گا اور اس میں گزشتہ ایڈیشن کی طرح 6ٹیمیں شرکت کریں گی، کھلاڑیوں اور کوچ کے معاہدوں کی تمام تر ذمے داری پی سی بی پر ہو گی اور جب تک مزید معاملات طے نہیں پا جاتے، اس وقت تک اس فرنچائز کو ’چھٹی ٹیم‘ کے نام سے پکارا جائےگا۔پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹ کا عمل 20نومبر کو ہو گا اور اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ ’چھٹی ٹیم‘ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب خود کرےگا۔
وقت اشاعت : 13/11/2018 - 16:59:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :