سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا بڑی کامیابی ہو گی، ہدف کے حصول کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جوروٹ

پہلے ٹیسٹ کی غلطیوں کو درست کر کے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے خوب جان لڑائیں گے، لکمل

منگل 13 نومبر 2018 23:21

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا بڑی کامیابی ہو گی، ہدف کے حصول کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جوروٹ
کینڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) انگلش ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا ٹیم کا بڑا کارنامہ ہو گا، ہدف کے حصول کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی گئی ہے اور بین سٹوکس تیسرے نمبر پر کھیلیں گے، دوسری جانب سری لنکن قائد سرنگا لکمل نے کہا کہ ٹیم مشکل دور سے گزر رہی ہے، کوشش ہو گی کہ پہلے ٹیسٹ کی غلطیوں کو درست کر کے دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کریں اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو خوب جان لڑانا ہو گی۔

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج بدھ سے شروع ہو گا اور مہمان انگلش ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش کپتان نے کہا کہ میزبان ٹیم کم بیک کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کرے گی اسلئے کھلاڑیوں کو ڈٹ کر مقابلے کیلئے آگاہ کر دیا ہے، سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا ٹیم کی بڑی کامیابی ہو گی اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی البتہ بیٹنگ آرڈر میں تھوڑا ردوبدل کیا گیا ہے اور بین سٹوکس تیسرے اور معین علی چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ دوسری جانب سری لنکن قائد نے کہا کہ دنیش چندیمل اور رنگنا ہیراتھ کے نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم پر پرفارمنس کیلئے دبائو ہو گا لیکن ہم میچ جیتنے کیلئے پوری کوشش کریں گے، بحیثیت کپتان میری بھی کوشش ہو گی کہ ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے اسے فتح دلانے میں کردار ادا کروں۔
وقت اشاعت : 13/11/2018 - 23:21:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :