محموداللہ کی ناقابل شکست سنچری، بنگلہ دیش کی آخری ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم،

میزبان ٹیم کا 224 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے زمبابوے کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 443 رنز کا ہدف، مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لئے، زمبابوے کو فتح کیلئے مزید 367 رنز اور بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹیں درکار

بدھ 14 نومبر 2018 17:25

محموداللہ کی ناقابل شکست سنچری، بنگلہ دیش کی آخری ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم،
ڈھاکہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) بنگلہ دیش اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، محموداللہ کی سنچری کی بدولت میزبان ٹیم کی میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے، بنگلہ دیشی ٹیم نے 224 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 443 رنز کا ہدف دیا ہے، محموداللہ نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جواب میں زمبابوین ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لئے تھے، مہمان ٹیم کو فتح کیلئے مزید 367 رنز اور میزبان ٹیم کو 8 وکٹوں کی ضرورت ہے۔

بدھ کو آخری ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے زمبابوے کو فالو آن کرانے کی بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کو 218 رنز کی برتری حاصل تھی، بنگلہ دیش نے 224 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر کے حریف ٹیم کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 443 رنز کا ہدف دیا، محموداللہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سنچری سکور کی، وہ 101 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، محمد متھن 67 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، لٹن داس 6، امرالقیس 3، مومن الحق 1، مشفق الرحیم 7 اور عارف الحق 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مہدی حسن میراز 27 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کائل جروس اور ٹریپانو نے 2، 2 سین ولیمز اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں زمبابوین ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لئے تھے، زمبابوے کو کامیابی کیلئے مزید 367 رنز اور بنگلہ دیش کو 8 وکٹیں درکا رہیں، برائن چاری 43 اور کپتان ہملٹن مسکڈزا 25 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، برینڈن ٹیلر 4 اور سین ولیمز 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، تیجل اسلام اور مہدی حسن میراز نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 14/11/2018 - 17:25:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :