ْابوظہبی ٹیسٹ، پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر

پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے تین، محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو،بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، پاکستانی ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالئے، کیویز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 94 رنز کی ضرورت، اظہر علی 10اور حارث سہیل 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود

جمعہ 16 نومبر 2018 21:02

ْابوظہبی ٹیسٹ، پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر
ابوظہبی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2018ء) پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان ٹیم نے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنالئے اور اسکو کیویز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 94 رنز کی ضرورت تھی۔ کیویز کپتان کین ولیمسن نے 63 رنز بنائے۔

پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے سامنے کیویز ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس کے 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ پاکستان کی طرف سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاسر شاہ نے تین، محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ابوظہبی میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو کیویز ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے جیت راوال اور ٹام لاتھم نے اننگز کا آغاز کیا۔ کیویز ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور اس کے پہلے تین کھلاڑی 40 کے مجموعی سکور سے قبل پویلین لوٹ گئے، جیت راوال نیوزی لینڈ کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، ٹام لاتھم دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، روز ٹیلر نیوزی لینڈ کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد کین ولیمسن اور نکولس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 72 قیمتی رنز بنائے تاہم اس موقع پر نکولس 28 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، وہ کیویز ٹیم کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ انکے بعد کیویز کپتان کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 63 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

کولن ڈی گرینڈہوم نیوزی لینڈ کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ سودھی نیوزی لینڈ کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر حارث سہیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ واٹلنگ نیوزی لینڈ کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 10 رنز بناکر حارث سہیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے، نیل واگنر 12 رنز بناکر بلال آصف کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔

اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 6 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ ٹرینٹ بولٹ 4رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم 153 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاسر شاہ نے تین، محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو جبکہ بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کی طرف سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 27کے مجموعی سکور پر امام الحق 6 رنز بنا کر گرینڈ ہوم کی گیند پر اور اگلے ہی اوور میں محمد حفیظ 20 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو اظہر علی 10اور حارث سہیل 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 94 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں۔
وقت اشاعت : 16/11/2018 - 21:02:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :