ابو ظہبی ٹیسٹ ،پاکستان نے16سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

کیویز اپنی پہلی اننگز میںمحض153رنز بنا سکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 16 نومبر 2018 21:37

ابو ظہبی ٹیسٹ ،پاکستان نے16سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16نومبر2018ء) پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کو 153رنز پر آﺅٹ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 153رنز پر ڈھیر ہو گئی۔یہ ابوظہبی میں اب کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کسی بھی ٹیم کا پہلی اننگز میں سب سے کم سکور ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا جو پاکستان کےخلاف 197رنز پر آﺅٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 153رنز پر ڈھیر کر دیا اور اس طرح لگاتار تیسری اننگز میں حریف ٹیم 200 سے کم رنز تک محدود کردیا۔پاکستان نے اس سے قبل آسٹریلیا کو گزشتہ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں بالترتیب 145 اور 164رنز پر آﺅٹ کردیا تھا اور اسطرح یہ 16سال بعد پہلا موقع کہ پاکستان نے حریف ٹیموں کو لگاتار تین اننگز میں 200 سے کم رنز پر محدود کردیا۔

(جاری ہے)

3ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے نیو زی لینڈ کی پہلی اننگز کے سکور 153رنز کے جواب میں 2وکٹوں پر 59رنز بنا لیے ہیں ۔ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم اور جیت راول نے اننگز کا آغاز کیا تو 20 کے مجموعی سکور پر قومی ٹیم کو پہلی کامیابی ملی جب جیت راول 7 رنز بنانے کے بعد محمد عباس کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آﺅٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ روس ٹیلر 2رنز بناسکے، دونوں بلے باز یاسر شاہ کا شکار بنے۔کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے چوتھی وکٹ کےلئے72رنز جوڑے جس کے بعد نکولس 28رنز بنا کر محمد عباس کی دوسری وکٹ بنے ، کپتان ولیمسن 63رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد حسن علی کی گیند پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹوں کے پیچھے جکڑے گئے ، کولن ڈی گرینڈ ہوم اگلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تاہم اش سوڈھی نے حسن علی کو ہیٹرک سے محروم رکھا ، سوڈھی 4رنز بنا کر حارث سہیل کی پہلی وکٹ بنے جنہوں نے بی جے واٹلنگ کو آﺅٹ کرکے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی ،بلال آصف نے نیل ویگنر کو آﺅٹ کرکے اپنی پہلی وکٹ لی جس کے بعد یاسر شاہ نے اعجاز پٹیل کو آﺅٹ کرکے اپنی تیسری وکٹ لی ۔

قومی ٹیم کے امام الحق اور محمدحفیظ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم امام 6رنز بنا کر گرینڈ ہوم کا شکار بنے جبکہ حفیظ20رنز بنا ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر پوویلین لوٹے ۔پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 16/11/2018 - 21:37:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :