پہلا ٹیسٹ،پاکستانی بلے بازوں کا ناقص کھیل ،کیویز کی میچ میں واپسی

اسد شفیق 43،حارث سہیل 38رنز بنا کر آﺅ ٹ ، بابر اعظم کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 نومبر 2018 15:43

پہلا ٹیسٹ،پاکستانی بلے بازوں کا ناقص کھیل ،کیویز کی میچ میں واپسی
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17نومبر2018ء) ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے چائے کے وقفے پر 8وکٹوں کے نقصان پر 225رنز سکور کرلیے ہیں ۔ پہلے ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے محتا ط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے64رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا سکور91رنز تک پہنچایاجس کے بعد حارث سہیل38رنز بنا کراش سوڈھی کا شکار بن گئے ،اگلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے اظہر علی کوبھی 22کے انفرادی سکور پر پوویلین چلتا کیا ،اسد شفیق اور بابر اعظم نے پانچویں وکٹ کے لیے 83 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد اسد شفیق 43رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ،کپتان سرفراز احمد انتہائی غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیلتے ہوئے 2رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے ،بلا ل آصف 11رنز سکور کرکے اعجاز پٹیل کی گیند پر سٹمپ آﺅٹ ہوگئے ،یاسر شاہ اور بابر اعظم نے25رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد یاسر9رنز بنا کر نیل ویگنر کی گیند پر غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر آﺅٹ ہوگئے ،اس سے قبل گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے گذشتہ روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کردیا اور کیویز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آﺅٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 63 رنز بناکر نمایاں رہے تھے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک نہ رہ سکا اور وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ ٹیم اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو اوروکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز1-1سے برابر رہی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جب کہ21 میچ ڈرا رہے۔
وقت اشاعت : 17/11/2018 - 15:43:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :