جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو بارش سے متاثرہ واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 21 رنز سے ہرا دیا

آسٹریلوی ٹیم 108 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 87 رنز بنا سکی، میکسویل کی 38 رنز کی اننگز ناکافی ثابت

ہفتہ 17 نومبر 2018 19:34

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو بارش سے متاثرہ واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 21 رنز سے ہرا دیا
کینبرا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 21 رنز سے شکست دے دی، بارش کے باعث میچ کو 10 اوورز تک محدود کیا گیا، جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے، جواب میں آسٹریلوی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا سکی، میکسویل کے سوا کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا تاہم ان کی 38 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، نگیڈی، مورس اور پہلک وایو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ہفتے کو کھیلے گئے واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ کو بارش کے باعث 10 اوورز تک محدود کر دیا گیا، آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی تو جنوبی افریقن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 108 رنز بنائے، کپتان فاف ڈوپلیسی 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوئنٹن ڈی کوک 22، ہنڈرکس 19، کلاسن 12، ڈیوڈ ملر 11 اور کرس مورس بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، فرحان بہاردین 3 اور پہلک وایو 2 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، اینڈریو ٹائی اور نیتھن کولٹر نیل نے 2، 2 بلی سٹین لیک اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں آسٹریلوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 87 رنز تک محدود رہی، میکسویل کے سوا کینگروز کا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز بائولرز کی عمدہ لائن و لینتھ بائولنگ کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا، میکسویل نے 38 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے، کپتان ایرون فنچ 7، کرس لین 14، ایلکس کیری 8، مارکس سٹوئنس 5، میک ڈرموٹ 4 اور ڈی آرسی شارٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، نگیڈی، مورس اور پہلک وایو نے 2، 2 اور تبریز شمسی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 17/11/2018 - 19:34:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :