ہاکی ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ٹیم کونئی کٹ مل گئی

کھلاڑی اب چاند ستارے والی شرٹس پہن کر بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:17

ہاکی ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ٹیم کونئی کٹ مل گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) ہاکی ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ٹیم کونئی کٹ مل گئی، کھلاڑی اب چاند ستارے والی شرٹس پہن کر بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کی کٹ تقریب رونمائی لاہور میں ہوئی جس میں صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی، ہیڈ کوچ توقیر احمد ڈار سمیت ٹیم کے تمام کھلاڑیوںاور ملکی اور غیر ملکی مہمان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے خصوصی طور پر تیار کردہ اینتھم بھی پیش گیا جسے معروف موسیقار کمپوزر ساحر علی بگا اور شہاب نے تیار کیا ہے۔ تقریب سے خطاب میں پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی نے کہا ماضی میں چار بار ورلڈ کپ, تین بار چیمپینز ٹرافی اور تین بار اولمپکس گولڈ میڈل جیت کر پاکستان ہاکی ٹیم نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا. امید ہے کہ ٹیم بھارت میں ہونیوالے ہاکی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے ہاکی ٹیم کو سپانسر کرنے پر جاوید آفریدی کے مشکور ہیں، سپانسر ملنے سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ہاکی ٹیم میں آنے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے، امید ہے کہ کھلاڑی بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے گی۔

تقریب کے دوران قومی کپتان رضوان سینئر اور ہیڈ کوچ توقیر ڈار خاصے مسرور دکھائی دیے اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران شائقین کو عوامی توقعات پر پورا اترنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے بھارتی شہر بھوبینشور میں ہوگا ، مجموعی طور پر 16 ٹیمیں شریک ہوں گی، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 17/11/2018 - 22:17:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :