فاسٹ باﺅلر حسن علی اور لیگ سپنر یاسر شاہ نے14سال پراناریکارڈ برابر کردیا

دونوں نے ابوظہبی ٹیسٹ میں 5،5وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 18 نومبر 2018 19:17

فاسٹ باﺅلر حسن علی اور لیگ سپنر یاسر شاہ نے14سال پراناریکارڈ برابر کردیا
ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18نومبر2018ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی اور لیگ سپنر یاسر شاہ نے14سال پراناریکارڈ برابر کردیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز حسن علی اور یاسر شاہ نے 5،5وکٹیں حاصل کرکے کیویز کی اننگز کی بساط249رنز پر سمیٹ دی ، یہ14سال میں پہلا موقع تھا جب دو پاکستانی باﺅلرز نے مخالف ٹیم کی تمام وکٹیں حاصل کیں ،اس سے قبل2004ءمیں شعیب اختر اور دنیش کنیریا نے میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں آسٹریلیا کے تمام بلے بازوں کا شکار کیا تھا ۔

اس سے قبل تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈکی جانب سے دیئے گئے176رنز کے ہدف کے تعاقب میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 37رنز سکور کرلیے ہیں ۔

(جاری ہے)

کیویز ٹیم نے کھیل کے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز 1کھلاڑی آﺅٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے سکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا۔پاکستانی باﺅلروں کے خلاف مزاحمت کرنےوالے جیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے،وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ اور ہنری نکولس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کےلئے112رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد نکولس 55رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، کولن ڈی گرینڈ ہوم محض3رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے اور واٹلنگ59رنز بنا کر لیگ سپنر کا ہی شکار بنے جنہوں نے نیل ویگنر کو رن بنانےکا موقع دیئے بغیر اسی اوور میں کلین بولڈ کرکے 14ویں بار اننگز میں اپنی 5وکٹیں مکمل کیں ،حسن علی نے اش سوڈھی کو18رنز پر بولڈ کرکے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی اور پھر بولٹ کو آﺅٹ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار اننگز میں 5وکٹیں مکمل کیں،کیویز کی پوری ٹیم249رنز پر پوویلین لوٹی ،پاکستان کےلئے حسن علی اور یاسر شاہ نے 5،5وکٹیں لیں ۔

پاکستان نے کےلئے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور37رنز تک پہنچا دیا ،امام الحق 25اور حفیظ8رنز کے ساتھ کریز پر کھڑے ہیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناسکی تھی اور کیویز کےخلاف 74رنز کی مجموعی برتری حاصل کی تھی ۔
وقت اشاعت : 18/11/2018 - 19:17:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :