پاکستانی بلے بازوں نے بائولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا

پٹیل کی تباہ کن بائولنگ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی، کیویز کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل گرین شرٹس 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 171 رنز پر ڈھیر، اظہر علی کی 65 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام، پٹیل کی 5 وکٹیں، یاسر اور حسن کی محنت رائیگاں، پٹیل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

پیر 19 نومبر 2018 17:32

پاکستانی بلے بازوں نے بائولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا
ابوظہبی ۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستانی بلے بازوں نے بائولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، اعجاز پٹیل کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم میچ کے چوتھے روز 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس کے بلے باز ہدف کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئے، اظہر علی نے ٹیم کو کامیابی دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم ان کی 65 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، پٹیل نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، یاسر شاہ اور حسن علی کی محنت بھی رائیگاں گئی، پٹیل کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

پیر کو ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 37 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو امام الحق 25 اور محمد حفیظ 8 رنز پر کھیل رہے تھے، 40 رنز کے سکور پر پٹیل نے امام الحق کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وہ گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 27 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، اگلے اوور میں آئش سودھی نے محمد حفیظ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ 10 رنز بنا کر چلتے بنے، اسی اوور میں سودھی نے حارث سہیل کو بھی پویلین کی راہ دکھائی، وہ 4 رنز بنا سکے، اس موقع پر اسد شفیق نے اظہر علی کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 82 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 130 تک پہنچا دیا تاہم یہاں پر واگنر نے اسد شفیق کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، شفیق نے 45 رنز بنائے،147 کے سکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب بابر اعظم 13 رنز بنانے کے بعد رن آئوٹ ہو گئے، 154 کے سکور پر کپتان سرفراز احمد 3 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں پٹیل نے آئوٹ کیا، بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، 171 کے سکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری جب اظہر علی65 رنز بنانے کے بعد پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اظہر نے ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم ان کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، پٹیل نے 5 واگنر اور سودھی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 19/11/2018 - 17:32:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :