آئی سی سی نے پاکستان کی بھارت کیخلاف دائرہرجانہ کی درخواست مسترد کردی

منگل 20 نومبر 2018 18:23

آئی سی سی نے پاکستان کی بھارت کیخلاف دائرہرجانہ کی درخواست مسترد کردی
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان اور بھارت کے مابین سیریز کھیلنے کے معاہدہ کی پاسداری نہ کرنے پر بھارت کے خلاف دائرپاکستان کی ہرجانہ کی درخواست کو آئی سی سی نے مسترد کردیا ۔پی سی بی نے ایم او یو کی پاسداری نہ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف آئی سی سی میں 70 ملین ڈالرز کے ہرجانہ کی درخواست دی تھی جسے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی نے مسترد کردیا ۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے دونوں بورڈز کی جانب سے 3 روز تک جاری رہنے والی سماعت میں تحریری اور زبانی دلائل دئیے گئے جس کے بعد آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی نے بھارت کیخلاف پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے۔ترجمان آئی سی سی کے مطابق اس کیس پر فیصلہ حتمی ہے کوئی فریق اس پر مزید کارروائی نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

پی سی بی اور بھارتی بورڈ نے یکم سے تین اکتوبر تک کمیٹی کے سامنے دلائل دئیے تھے۔

دوسری جانب پی سی بی نے آئی سی سی کے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حق میں فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق بھارتی بورڈ نے 9 اپریل 2014 کو مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے لیکن اس تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا۔پی سی بی نے اس کیس کی تیاری پر وکلا کو 10 کروڑ سے زائدرقم ادا کی ہے لیکن نتیجہ صفر رہا، پی سی بی اور بھارتی بورڈ کے درمیان 6 سیریز کھیلنے کا معاہدہ ہوا تھا جس میں سے 4 کی میزبانی پی سی بی نے کرنی تھی۔

بھارتی بورڈ نے ہر بار حکومت کی طرف سے انکار کو جواز بناکر کھیلنے سے انکار کیا اور یہ موقف آئی سی سی کی مائیکل بیلوف کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے سامنے دہرایا۔پی سی بی کی درخواست مسترد ہونے پر پاکستانی کرکٹ کے حلقوں میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔
وقت اشاعت : 20/11/2018 - 18:23:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :