بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، کرکٹ آسٹریلیا کا سمتھ، وارنر اور بینکرافٹ کی سزائیں برقرار رکھنے کا اعلان

منگل 20 نومبر 2018 18:56

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، کرکٹ آسٹریلیا کا سمتھ، وارنر اور بینکرافٹ کی سزائیں برقرار رکھنے کا اعلان
برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈلی میں معطلی کا شکار قومی کرکٹرز سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر پابندی کی سزا برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن نے کرکٹ آسٹریلیا سے کھلاڑیوں کی سزائوں میں کمی کی اپیل کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک ریویو رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں کرکٹ آسٹریلیا کو کھلاڑیوں کے بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا اور اس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے طویل المدتی چیئرمین بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے، ریویو رپورٹ آنے کے بعد آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن نے بورڈ سے کھلاڑیوں کی سزائوں کے بارے نظرثانی کی درخواست کی تھی تاہم بورڈ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے تینوں کھلاڑیوں کی سزائیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

سی اے کے عبوری چیئرمین ایرل ایڈنگز نے کہا کہ تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ سزائوں میں تبدیلی کرنا کسی طرح سے بھی مناسب نہیں اسلئے کھلاڑیوں کو پابندی کی مدت پوری کرنا ہوں گی۔ یاد رہے کہ رواں برس دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا نے کپتان سمتھ اور نائب کپتان وارنر پر ایک، ایک برس جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ بینکرافٹ کی پابندی رواں سال 29 دسمبر جبکہ سمتھ اور وارنر کی سزائیں 29 مارچ 2019ء کو ختم ہوں گی۔
وقت اشاعت : 20/11/2018 - 18:56:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :