بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ (آج)شروع ہو گا، شکیب الحسن کی میچ میں شرکت مشکوک

بدھ 21 نومبر 2018 15:50

چٹاگانگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعرات سے چٹاگانگ میں شروع ہو گا، میزبان ٹیم کے کپتان شکیب الحسن جنہوں نے انجری سے نجات پانے کے بعد ٹیم میں کم بیک کیا تھا کی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ سٹار آل رائونڈر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کالی آندھی کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا شکار ہیں اسلئے حتمی فیصلہ میچ شروع ہونے سے قبل کریں گے، میں نے صرف چار پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اسلئے صحیح طرح سے نہیں کہہ سکتا کہ پانچ روزہ میچ کیلئے سو فیصد فٹ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ہم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت سکتے ہیں تاہم ہدف کے حصول کیلئے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

مہمان ویسٹ انڈین ٹیم سیریز کھیلنے کیلئے بنگلہ دیش پہنچ چکی ہے اور وہ دورے کے دوران دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی، کالی آندھی کو کپتان جیسن ہولڈر کی خدمات حاصل نہیں ہیں، ہولڈر کندھے کی انجری میں مبتلا ہیں اور ان دنوں بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

کالی آندھی کو دورہ بھارت کے دوران عبرتناک شکستوں کے بعد اب بنگال ٹائیگرز کا چیلنج درپیش ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 30 نومبر سے 4 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
وقت اشاعت : 21/11/2018 - 15:50:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :