قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلہ، حبیب بینک لمیٹڈ نے پشاور، سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے کراچی وائٹس کو ہرا دیا

بدھ 21 نومبر 2018 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی سپر ایٹ مرحلے میں حبیب بینک لمیٹڈ نے پشاور اور سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے کراچی وائٹس کو شکست دے دی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلے کے ایک میچ میں حبیب بینک لمیٹڈ نے پشاور کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کی، پشاور کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 116 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اس نے حبیب بینک لمیٹڈ کو کامیابی کیلئے مجموعی طور پر 111 رنز کا ہدف دیا، کپتان اکبر بادشاہ 49 رنز بنا کر نمایاں رہے، زوہیب خان نے 4، عماد بٹ نے 3 اور عمر گل نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں حبیب بینک لمیٹڈ نے مطلوبہ ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، محمد وقاص 54 اور جمال انور 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ایک اور میچ میں سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے کراچی وائٹس کو اننگز اور 125 رنز شکست دے کر دوسری کامیابی اپنے نام کی، سوئی سدرن گیس کارپوریشن نے میچ کے تیسرے روز 432 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر کے حریف ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 274 رنز کی برتری حاصل کی، فواد عالم 170 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کاشف بھٹی 51 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، عدیل ملک نے 3 وقار انور نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں کراچی وائٹس کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 149 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان محمد حسن 83 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، کاشف بھٹی نے 4 اور عثمان شنواری نے 3 وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 21/11/2018 - 22:40:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :